ریاست شہریوں کو عزت نہیں دے گی تو اس کی بھی عزت نہیں ہوگی، فواد چوہدری

آپ زندگی اور وقار کو زد پہنچائیں گے تو اُس کا ری ایکشن وہ ہوگا جو 8 فروری کو پاکستان میں ہوا ہے، جب آپ اپنے بندوں کو مارنا چھوڑیں گے تو جو گھس کر مار رہے ہیں ان کی طرف توجہ جائے گی۔ لاہور میں سیمینار سے خطاب

لاہور ( نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ریاست اپنے شہریوں کو عزت نہیں دے گی تو اس کی اپنی عزت بھی نہیں ہوگی کیوں کہ اگر آپ زندگی اور وقار کو زد پہنچائیں گے تو اُس کا ری ایکشن وہ ہوگا جو 8 فروری کو پاکستان میں ہوا ہے۔ مقامی ہوٹل میں بھارتی انتخابات کے جنوبی ایشیا پر اثرات کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلم دشمنی میں کمی نہ آئی تو ترقی نہیں ہوگی، انتخابات میں بھارت کے 60 فیصد سے زائد رائے دہندگان نے ووٹ کاسٹ کیا، بی جے پی کی 611 کروڑ روپے کی مالی مدد کی گئی لیکن مودی اپنے نعرے کے مطابق 400 سیٹیں نہیں جیت سکے، بابری مسجد کو گرا کر جہاں مندر بنایا گیا وہاں مودی کو لاکھوں ووٹوں سے شکست ہوئی کیوں کہ وہاں جب سروے کروایا گیا تو وہاں کے ووٹرز نے اس عمل کو ناپسند کیا تھا۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی انتخابات کے دوران آئی ٹی رولز کو تبدیل کیا گیا، راہول گاندھی کو مودی کی توہین پر 2 سال قید کی سزا دی گئی، مودی کے دور میں 2 وزرائے اعلی کو بھی قید کیا گیا، اس بار مودی کا 5 سال پورے کرنا مشکل لگتا ہے، مڈ ٹرم پول ہوگا تو راہول وزیراعظم ہوگا جب کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اگلے 15سال میں پانی بنیادی مسئلہ ہوگا، اس پر دونوں ملکوں کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا پڑے گا، ریجن اور معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے ہمسایہ ممالک کو بات کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ راج ناتھ نے کہا 20 پاکستانیوں کو گھس کرمارا یہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کی جانب سے ردعمل نہیں دیا گیا، میرے ایک ٹویٹ پر ہندوستان میں طوفان بدتمیزی شروع ہوگیا، مجھے تو دھمکیاں مل رہی ہیں کہ 20 کو گھس کر مارچکے ہیں 21 ویں اب تم ہوں گے حالاں کہ ہم تو یہاں جیلیں بھگت رہے ہیں، ابھی تو میں اپنوں سے بچ رہا ہوں، جب آپ اپنے بندوں کو مارنا چھوڑیں گے تو جو گھس کر مار رہے ہیں ان کی طرف توجہ جائے گی۔