الیکشن کمیشن کے ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تقرریوں کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے

ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کے روبرو مقدمات کی پیروی نہیں کریں گے، مجرم چیف الیکشن کمشنر نے مرضی کے آراوز لگا کر انتخابات میں ڈاکہ ڈالا، اب ریٹائرڈ ججز لگا کر مرضی کے فیصلے لینا چاہتے ہیں، کورکمیٹی پی ٹی آئی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تقرریوں کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے، ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کے روبرو مقدمات کی پیروی نہیں کریں گے، مجرم چیف الیکشن کمشنر نے مرضی کے آراوز لگا کر انتخابات میں ڈاکہ ڈالا، اب ریٹائرڈ ججز لگا کر مرضی کے فیصلے لینا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی آفیشل ایکس کے مطابق ‏پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ میں پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان کو فراہمئ انصاف میں تاخیر کی شدید مذمت کی گئی۔ بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف جھوٹے اور بیہودہ عدّت کیس کی نئی عدالت میں منتقلی بھی کلیتاً مسترد ، بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ فوری رہائی کے مستحق ہیں، انصاف کی فراہمی کے عمل کو سست روی کا شکار کرکے صریح ناانصافی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔
بانی چیئرمین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے اور ناحق قید میں رکھنے کیلئے قانون و ضوابط کی دھجیاں اڑا کر دس گنا رفتار سے ٹرائلز کئے گئے اور سزائیں سنائی گئیں۔ جھوٹے، بےبنیاد، جعلی اور من گھڑت مقدّمات اپنے انجام سے دوچار ہیں تو لمبی لمبی تاریخوں کی آڑ میں ٹرائلز کو سست روی کا شکار کیا جارہا ہے۔ عدّت کیس کے ٹرائل کی تکمیل پر اسے نئی عدالت منتقل کرنا سراسرا غیرآئینی، غیرقانونی اور منصفانہ ٹرائل کے ساتھ ایک سنگین مذاق ہے جسے کلیتاً مسترد کرتے ہیں، عدلیہ لاقانونیّت اور سیاسی انتقام کے مکروہ سلسلے کو کندھا فراہم کرنے کے بجائے آئین و انصاف کے ساتھ کھڑی ہو اور بانی چیئرمین عمران خان، ان کی اہلیہ اور تمام سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا رہا کرے۔
کورکمیٹی کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان کی عفت مآب اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت و علاج کے حوالے سے جیل حکاّم اور مینڈیٹ چور سرکار کے رویّے کی بھی شدید مذمت ، محترمہ بشریٰ بی بی کی شکایات کے باوجود بااعتبار انداز میں خصوصاً شوکت خانم اسپتال سے ان کے ٹیسٹس سے گریز کی شدید مذمت، تمام تر خدشات اور تحفظّات کے باوجود شوکت خانم کی بجائے پمز سے محترمہ بشریٰ بی بی کے ٹیسٹس کروائے گئے اور رپورٹس بوجوہ چھپائی جارہی ہیں یا فراہم نہیں کی جارہیں۔
جیل انتظامیہ اور مینڈیٹ چور سرکار محترمہ بشریٰ بی بی کی صحت سے کھلواڑ بند کریں اور ان کی میڈیکل رپورٹس بلاتاخیر فراہم کریں، کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ کورکمیٹی نے انتخابی ٹربیونلز کیلئے ریٹائرڈ ججز کی تقرریوں کے عمل کو بھی کلیتاً مسترد کردیا، انتخابی ٹربیونلز کیلئے ریٹائرڈ ججز کی تقرریاں یکسر غیرآئینی، غیرقانونی اور انتخابی عذرداریوں پر انصاف پر مبنی فیصلوں کے پورے عمل کی تباہی کی بنیاد ہیں، مینڈیٹ چوروں اور ریاستی شرانگیزوں کے کنسورشیم نے پہلے مجرم چیف الیکشن کمیشن اور کٹھ پتلی کمیشن اراکین کی معاونت سے مرضی کے آر اوز لگا کر انتخابات میں اپنی مرضی کا ڈاکہ ڈالا، جمہور اور عوام کے ووٹ کے حق کے دشمن اب ریٹائرڈ ججز لگا کر ٹربیونلز سے اپنی مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کی مذموم منصوبہ بندی کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تقرریوں کو کسی صورت تسلیم کرتے ہیں نہ ہی ان کے روبرو لگائے جانے والے مقدمات کی پیروی کریں گے، تاریخ کے متعصب ترین اور مجرم چیف الیکشن کمشنر اور کٹھ پتلی کمیشن اراکین کی جانب سے انٹراپارٹی انتخابات کے معاملے کو بغیر کسی جواز کے دوسری مرتبہ ڈی لسٹ کرنے کی بھی شدید مذمت، چیف الیکشن کمشنر کی سرکردگی میں دستور، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے حق کے خلاف کمیشن کی ریشہ دورانیوں کی فہرست طویل تر ہورہی ہے۔
چیف الیکشن کمیشنر اور کمیشن اراکین کے متعصّبانہ، جانبدارانہ اور غیرآئینی و غیرقانونی فیصلوں کے خلاف پارلیمان کے اندر اور باہر ہر سطح پر آواز اٹھانے کا فیصلہ، کورکمیٹی کی جانب سے ملک گیر سطح پر پاکستان تحریک انصاف کی رکنیت سازی مہم کے آغاز کی بھی باضابطہ منظوری دی گئی۔