دو تہائی سزا مکمل کرنے والے 70 سال سے زائد عمر مرد اور 60 سال سے زائد عمر خواتین قیدی مستفید ہوں گی، قیدیوں کی سزا میں کمی اور رہائی کیلئے سمری کابینہ میں پیش کی جائے گی، سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پنجاب حکومت نے بزرگ اور خواتین قیدیوں کیلئے عید سے قبل سزاؤں میں کمی کی بڑی خوشخبری سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے سینٹرل جیل لاہور کا دورہ کیا جہاں بزرگ اور خواتین قیدیوں کیلئے عید سے قبل بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قیدیوں کی سزا میں کمی اور رہائی کیلئے سمری تیار کر لی گئی ہے جسے منظوری کیلئے عید سے قبل کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
سمری کے مطابق دو تہائی سزا مکمل کرنے والے 70 سال سے زائد عمر کے مرد اور 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی مستفید ہوں گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارشات کے مطابق دو تہائی سزا مکمل کرنے والی خواتین جو 5 سال سے چھوٹے بچوں کے ساتھ جیل میں ہیں اور اچھے کنڈکٹ کا مظاہرہ کر چکیں، مستفید ہوں گی۔
سفارشات کی منظوری پر بزرگ اور خواتین قیدی ایک تہائی سزا میں نرمی کیساتھ جیل سے رہائی کا پروانہ پائیں گے۔
یاد رہے کہ بزرگ اور خواتین قیدیوں کی سزا میں کمی اور رہائی کیلئے دو تہائی سزا مکمل ہونا اور اچھے کنڈکٹ کا مظاہرہ لازم ہے۔ سمری کی منظوری پر تینوں کیٹگریز میں قیدیوں کو عید سے قبل رہائی مل جائے گی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اس موقع پر سینٹرل جیل دورہ کے دوران قیدیوں کے بیرکس، کچن، ہسپتال، انڈسٹریل اور ووکیشنل سینٹر کا معائنہ کیا۔ نور الامین مینگل نے جیل میں کھانے کا معیار اور مینیو دیکھا اور ہدایت کی کہ قیدیوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانا فراہم کیا جائے۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر اور سپرٹنڈنٹ سینٹرل جیل لاہور نے سیکرٹری داخلہ کو جیل ریفارمز ایجنڈا پر عملدرآمد بارے تفصیلی بریفنگ دی۔