ہمیں ہماری مخصوص نشستیں دی جائیں، امید ہے ہمیں حق ملے گا اور سپریم کورٹ آئین کی روح کے مطابق چلے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ اُمید ہے سپریم کورٹ ہماری 78 مخصوص نشستیں ہمیں واپس دلائے گی، ہمیں حق ملے گا جس کے لیے امید ہے سپریم کورٹ آئین کی روح کے مطابق چلے گی۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں 180 سیٹیں جیت چکے تھے، ہمیں ہماری مخصوص نشستیں دی جائیں، ہمارے امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا، یہ 78 نشستیں ہمارا حق ہے، ہماری قومی اسمبلی میں91 اورصوبائی میں 107 نشستیں تھی۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ الیکشن میں ووٹر کی منشا کے مطابق فیصلہ ہوتا ہے، آزاد انتخاب سے ہی جمہوریت آسکتی ہے، پہلے فارم 47 درمیان میں آیا پھر مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں اور نتائج تبدیل کر دیے گئے، پہلے امیدوار ووٹرز کو ڈھونڈتے تھے، اس بار ووٹرزامیدواروں کو ڈھونڈتے رہے، حق تو یہ ہے کہ جس کو عوام نے ووٹ دیا وہ اسمبلی پہنچے یہ جہاں خالی نشست دیکھتے ہیں ان کے منہ میں پانی آجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جیل جانے سے پہلے جو جو بات کی وہ صحیح ثابت ہوئیں، توشہ خانہ، سائفر اور القادر کوئی بھی کیس ہو وہ صحیح ثابت ہوئے، انہوں نے کہا تھا یہ جومرضی کرلیں الیکشن میں قوم نکلے گی، بانی پی ٹی آئی پر مقدمات کی ڈبل سینچری ہوئی ہے، ان پر ایک بھی مقدمہ ٹھیک نہیں تمام بوگس ہیں، آج بھی وہ دو مقدمات میں بری ہوئے، ان کا مؤقف واضح ہے کہ انصاف ہونا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بطور سیاسی جماعت تمام قانونی تقاضے پورے کیے، سوائے پنجاب الیکشن کمیشن کے تمام صوبوں نے ہماری مخصوص فہرست لی، پنجاب الیکشن کمیشن بلے کا نشان لینے کے فیصلے کا انتظار کرتا رہا، ہم نے کدو، بینگن، ہری مرچ جیسے نشانوں پر الیکشن لڑا ہے، الیکشن کمیشن کی غلطیوں کو آج عدالت میں اجاگر کیا گیا، آج کی سماعت سے ہمیں کافی حوصلہ ملا ہے۔