عمران خان کے خلاف مقدمے بہت کمزور ہیں، درخواست ہے عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کریں اور مذاکرات کی طرف آئیں، ہر آنے والا دن عمران خان کا ہے، فواد چودھری کا ردعمل
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سائفر کیس کے فیصلے کے بعد عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کیا جائے، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرکے مذاکرات کی طرف آئیں، ہر آنے والا دن عمران خان کا ہے۔ انہوں نے ایکس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ الحمدللہً، عمران خان اور شاہ محمود قریشی ایک اور جھوٹے مقدمے سے باعزت بری، عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کیا جائے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمے بہت کمزور ہیں سائفر جس پر اتنا زور تھا اس کی قانونی پوزیشن سب کے سامنے ہے 9 مئی عدت اور احتساب کسی میں کوئی جان نہیں، درخواست ہے عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کو رہا کریں اور مذاکرات کی طرف آئیں، ہر آنے والا دن عمران خان کا ہے انشاللہ۔
سابق وزیر علی زیدی نے کہا کہ بےشک اللّٰہ الحق ہے! بالآخر اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف جھوٹا اور من گھڑت سائفر کیس خارج کر دیا اور دونوں کو باعزت بری کر دیا۔
آخرکار انصاف کی فتح ہو گئی! سوال: ان دونوں حضرات کی طویل قید کے لیے کسی کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا؟ مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سابق اسپیکر اسد قیصر نے ایکس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آج سائفر کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا جو فیصلہ آیا ہے انتہائی خوش آئند ہے ،یہ حق اور سچ کی فتح ہے ۔
جس طرح عمران خان کے خلاف من گھڑت کیس بنایا گیا۔ جس طرح کیس کی کاروائی ہوئی ،جس طرح یہ فیصلہ سنایا گیا پوری دنیا جانتی تھی کہ من گھڑت اور بے بنیاد کیس ہے۔ دس مہینے اس کیس میں عمران خان نے جیل میں گزارے ، الحمدلله آج حق اور سچ کا فیصلہ آگیا۔ اب جتنے بھی کیسز ہیں کسی بھی کیس میں کوئی گنجائش نہیں ہے، مجھے امید ہے عمران خان بہت جلد رہا ہوں گے۔
عمران خان نے قومی خود مختاری اور غیرت کیلئے اسٹینڈ لیا پوری قوم اس کے ساتھ کھڑی ہے۔ پوری قوم کو یقین دہانی کرواتا ہوں عمران خان آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔ اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنایئں گے جہاں قانون کی حکمرانی ہوگی ، نا جھکیں گے نا ڈریں گے اور آگے بڑھیں گے۔یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بری کردیا، رواں سال 30 جنوری کو سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔
پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سائفر کیس میں سزا کی خلاف اپیلوں پر مختصر فیصلہ سنایا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں عمران خان، شاہ محمود قریشی کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے دونوں کی سزا کالعدم قرار دے دی۔