پولیس نے سابق صدر عارف علوی کو ہسپتال میں محمودالرشید کی عیادت سے روک دیا

محمود الرشید جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں آپ بغیر اجازت نہیں مل سکتے۔ ڈیوٹی پر تعینات ایس ایچ او کا مؤقف

لاہور ( نیوز ڈیسک ) لاہور پولیس کی جانب سے سابق صدر ڈاکٹر عارفعلوی کوسروسزاسپتال میں رہنما پی ٹی آئی محمودالرشید کی عیادت سے روک دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماء کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچنے والے سابق صدر کو ڈیوٹی پرموجود ایس ایچ او نے روکا اور کہا کہ ’اگر آپ کے پاس کوئی اجازت نامہ ہے تو آپ مل سکتے ہیں‘، اس کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ’میں اخلاقی طور پر محمود الرشید کی عیادت کرنے آیا ہوں، مجھے عیادت کے اجازت نامے کا کسی نے بتایا نہیں‘، جس پر پولیس نے مؤقف اپنایا کہ ’محمود الرشید جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں آپ بغیر اجازت نہیں مل سکتے‘، اس کے بعد سابق صدراور ان کے ہمراہ آنے والے پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی سروسز ہسپتال سے واپس روانہ ہوگئے۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کی کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا، سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی محمود الرشید کو طبعیت ناساز ہونے پر جیل سے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سرجیکل ایمرجنسی کے ڈاکٹرز نے محمود الرشید کا طبی معائنہ کیا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ محمود الرشید کو اپنڈکس کے درد کی شکایت ہے جس کے باعث آج ان کی اپنڈکس کی سرجری کی جائے گی، جس کے بعد پی ٹی آئی رہنما ایک سے دو روز تک سروسز اسپتال میں رہیں گے۔
دوسری طرف پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو سروسز ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کے بعد واپس جیل بھیج دیا گیا، ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد 5 روز سروسز ہسپتال میں زیر علاج رہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد کو پانی کی کمی اور پیٹ میں درد کی شکایت پر سروسز اسپتال لایا گیا تھا، تاہم اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے، علاج کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواسی ان سے ملنے کے لیے اسپتال آئی تھی، اینٹی بائیوٹک کا کورس مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد کو جیل بھیج دیا گیا۔