’صدر پاکستان جیسے اعلیٰ منصب پر براجمان رہنے کے باوجود عارف علوی نے کچھ نہیں سیکھا‘

عارف علوی اپنی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کی کوشش کرنے کے بجائے اللہ اللہ کریں۔ سابق صدر مملکت کے بیان پر ،ایم کیوایم پاکستان کا ردعمل

کراچی ( نیوز ڈیسک ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے سابق صدر عارف علوی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر پاکستان جیسے اعلیٰ منصب پر براجمان رہنے کے باوجود عارف علوی نے کچھ نہیں سیکھا، عارف علوی کی سیاست ایم کیو ایم پر الزام تراشی سے شروع ہوکر اسی پر ختم ہوتی ہے، ایم کیو ایم پر الزام تراشی کے بجائے 9 مئی کو ریاست کے خلاف کی جانے والی سازش کا جواب دیں۔
ایک بیان میں ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ عام انتخابات 2018ء کے جعلی و جبری مینڈیٹ پر صدر پاکستان بننے والے عارف علوی کس منہ سے قانون اور انصاف کی بات کر رہے ہیں، عارف علوی سمیت ان کی جماعت نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا، ایک سو ارسٹھ ارب کے پیکج کا اعلان کراچی والوں کے ساتھ دھوکہ تھا، کراچی اور ایم کیو ایم کو الگ کرنے کا خواب دیکھنے والوں کا انجام آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
ترجمان متحدہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو 2018ء میں کراچی کی 14 قومی اسمبلی کی نشستیں ایم کیو ایم سے چھین کر دی گئی تھیں جو دنیا جانتی ہے، چھتری کے بغیر ان 14 نشستوں کا بھی وہی حال ہوا جو پوری پی ٹی آئی کا ہوا، عارف علوی اپنی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کی کوشش کرنے کے بجائے اللہ اللہ کریں۔