ہم کسی کو غدار نہیں کہہ رہے، ہم ہر سیاسی جماعت سے بات کرنا چاہتے ہیں، ہم سے بات نہیں کریں گے تو کیا دیواروں سے بات کریں گے۔ مصدق ملک کی پریس کانفرنس
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاست کو بدنام کردیا ہے، پی ٹی آئی نے خان نہیں تو پاکستان نہیں مہم شروع کردی ہے، ہم کسی کو غدار نہیں کہہ رہے، بغاوت کو چھوڑیں، تناؤ کم کریں اور ٹوئٹ تو ڈیلیٹ کریں، ہم کہتے ہیں بات کریں، وہ کہتے ہیں تم سے بات نہیں کریں گے، ہم ہر سیاسی جماعت سے بات کرنا چاہتے ہیں، ہم سے بات نہیں کریں گے تو کیا دیواروں سے بات کریں گے، آپ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں یا امریکہ سے کرنا چاہتے ہیں؟ یہ پہلے امریکہ پر الزام لگاتے ہیں پھر امریکہ میں لابنگ فرم حاصل کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ غریب آدمی کی زندگی میں سب سے اہم یہ ہے کہ اس پر سے مہنگائی کا بوجھ کم ہو، غریب آدمی مہنگائی کے بوجھ تلے دبتا جا رہا ہے، اسی تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، ہمارے راستے میں بہت سی مشکلات اور کٹھن مراحل آئے، ہمیں سیلاب اور زلزلوں کا بھی سامنا کرنا پڑا، لیکن ہم مشکلات کے باجود ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آرہی ہے، فوڈ انفلیشن 40 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد تک آگئی ہے، ساری باتیں اشارہ دے رہی ہیں کہ ہم معاشی استحکام کی طرح بڑھ رہے ہیں، تجارتی خسارہ 4 ارب ڈالر سے کم ہو کر 20 کروڑ ڈالر رہ گیا ہے، تجارتی خسارے میں 95 فیصد کمی کی وجہ سے ڈالر کی قدرمیں استحکام آیا ہے، مہنگائی کی شرح 37 فیصد سے کم ہوکر 17 فیصد پر آگئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔