شیخ مجیب الرحمان کے معاملے پر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ شیخ مجیب الرحمان کے معاملے پر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، ہم نے کیا کرنا ہے، پی ٹی آئی خود اپنے اوپر پابندی لگا رہی ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف والے انٹرا پارٹی الیکشن بھی نہیں کروا رہے، اپنا انتخابی نشان بھی گنوا دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رات گئے پٹرول کی قیمتوں کے معاملے پر کیا ہوا کچھ علم نہیں، ریٹائرڈ ججز پر مشتمل الیکشن ٹریبونلز قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سماج اور رویوں میں تبدیلی بتدریج ہوتی ہے، سماج میں جو چیزیں آجائیں وہ یکسر تبدیل نہیں ہوتیں، آہستہ آہستہ تبدیل ہوتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جسٹس (ر) تصدق جیلانی نے سوچ سمجھ کر سوموٹو نوٹسز لیے، میں آپ کی سب موجودگی میں تصدق جیلانی صاحب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے اقلیتوں کے حقوق پر سوموٹو لیا، ایک پرچم کے نیچے سب کو ایک ہونا چاہئے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدم برداشت کا کلچر ہم سب کیلئے باعث تکلیف ہے، وزیراعظم نے اقتدار سنبھالا تو مجھے پینڈنگ ایشوز کو حل کرنے کی ہدایات دیں، معاشرے اور سماج میں رویوں کی تبدیلی ضروری ہے ، مذہبی رواداری کے حوالے سے پاکستان ایسا نہیں تھا جو افغان وار کے بعد ملا۔