ریاست جب کوئی کام کرنے لگتی ہے تو بھونڈ لڑجاتے ہیں۔ 9 مئی کے سوال پر عظمیٰ بخاری کا جواب
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ریاست کو بھونڈ لڑے ہوئے ہیں، انہیں سپرے مارنا پڑے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سبزیوں کی قیمتیں کم ترین سطح پر آگئی ہیں، سبزیوں کی قیمتوں میں بہت حد تک کمی واقع ہوئی ہے، وزیراعلی پنجاب کی ذاتی دلچسپی سے سبزیوں کی قیمتیں کم ہورہی ہیں، مریم نواز نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو قیمتیں کنٹرول کےلیے متحرک کیا ہے جس کی وجہ سے اچھے رزلٹ آ رہے ہیں، ہمارا فوکس صرف عوام کو ریلیف دینا ہے، دوسری طرف فتنہ فساد پارٹی ہے، جس کا خمیر ہی فساد فتنے اور دہشت گردی سے شروع ہوتا ہے اور وہیں ختم ہوتا ہے، پیٹرول کی قیمت میں کمی سے آٹے کی قیمت میں کمی کا سن کر سیاسی مخالفین میں سوگ کا عالم ہوتا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ عمران خان صاحب اگر انقلاب لانا ہے تو اپنے بچوں کو پاکستان لائیں اور پھر تحریک چلائے، یہ کیسا انقلاب ہے کہ اپنے بچے باہر اور دوسروں کے بچوں سے انقلاب لانے کا کہا جا رہا ہے، انقلاب اتنا ہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گود میں بٹھاکر این آر او دے دیا جائے، عمران خان سے زیادہ اخلاق والے طالبان ہیں، کم سے کم طالبان جو کرتے ہیں اسے اون بھی کرتے ہیں یہ کرکے بھی مکر جاتے ہیں، کمیشن اس بات پر بننا چاہیے کہ عمران خان اب ہی حمودالرحمان کمیشن رپورٹ کی بات کیوں کر رہے ہیں؟، ریاست جب کام کرنے لگتی ہے اُس کو بھونڈ لڑ جاتے ہیں، انہیں سپرے مارنا پڑے گا، پراسیکیوش کو کالے بھونڈ لڑ جاتے ہیں، اس لیے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ نہیں ہو پا رہا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے وزیراعظم کی جانب سے ججز سے متعلق بیان پر کہا تھا کہ ’اٹارنی جنرل صاحب وزیراعظم صاحب کو بتا دیں عدلیہ میں کوئی کالی بھیڑیں نہیں ہیں، اگر وزیراعظم صاحب یہ سمجھتے ہیں کہ عدلیہ میں کالی بھیڑیں ہیں تو انکے خلاف ریفرنس فائل کر دیں، اٹارنی جنرل صاحب وزیراعظم صاحب کو بتادیں ہم کالی بھیڑیں نہیں بلکہ کالے بھونڈ ہیں‘۔