عمران کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے متنازعہ ویڈیو اپ لوڈنگ پر انکوائری کا فیصلہ

اسلام آباد 🙁 نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی آفیشل ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کی پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر ایف آئی اے سائبر وِنگ نے انکوائری کا فیصلہ کرلیا۔

ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق 26 مئی کو بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کے نام پر ایک من گھڑت اور پروپیگنڈا ویڈیو ٹویٹ کی گئی، بانی پی ٹی آئی اِس وقت خود اڈیالہ جیل میں قید ہے جبکہ اُن کا آفیشل ہینڈل پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کے لئے استعمال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے سائبر وِنگ پی ٹی آئی کے چار لوگوں سے اِس معاملے پر بات چیت کرے گا، ایف آئی اے کی ٹیم اِس معاملے پر بانی پی ٹی آئی ، بیرسٹر گوہر خان، عمر ایوب اور رؤف حسن سے گفتگو کرے گی، ٹیم اِس بات کا تعین کرے گی کے ویڈیو ٹویٹ بانی پی ٹی آئی نے خود کی یا اُن کی اجازت سے ویڈیو ٹویٹ کی گئی۔

ایف آئی اے ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کس نے کیا اور کس نے چلایا، اگر اکاؤنٹ ہولڈر کی طرف سے ایسا کیا گیا تو اُن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی، اگر ایسا ان کی طرف سے نہیں ہوا تو انہیں اپنا ایکس اکاؤنٹ غیر قانونی طور پر استعمال ہونے پر بند کرنے کے لئے تحریری ایپلیکیشن دینی پڑے گی۔