9 مئی کے منصوبہ ساز عدالتوں کو انصاف کا مقتل بنا کر اضطراب کو ہوا دے رہے ہیں

بانی چیئرمین کی ہدایات پر مسلسل صبر اور عدلیہ پر اعتماد کا مظاہرہ کررہے ہیں، چیف جسٹس قوم کو جواب دیں کہ انصاف کے دن دیہاڑے قتلِ پر ان کے منصب پر رہنے کا کیا جواز ہے؟ ترجمان پی ٹی آئی کا الزام

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ترجمان پی ٹی آئی نے الزامات عائد کیا ہے کہ 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن کے منصوبہ ساز عدالتوں کو انصاف کا مقتل بنا کر اضطراب کو ہوا دے رہے ہیں، بانی چیئرمین کی ہدایات پر مسلسل صبر اور عدلیہ پر اعتماد کا مظاہرہ کررہے ہیں، چیف جسٹس قوم کو جواب دیں کہ انصاف کے دن دیہاڑے قتلِ پر ان کے منصب پر رہنے کا کیا جواز ہے؟ پی ٹی آئی ایکس پر جاری میں بیان کے مطابق بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ان کی محترمہ اہلیہ کے خلاف عدّت کیس میں عدالت کی جانب سے فیصلہ سنانے سے گریز پر شدید ردّعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فیصلہ سنانے کی بجائے مقدمے کی کارروائی کسی دوسری عدالت کو منتقل کئے جانے کو انصاف کے منافی اور یکسر ناقابلِ قبول قرار دیکر مسترد کر دیا ، عدّت کیس انسانی تاریخ کا سب سے بھونڈا، بیہودہ اور کلیتاً ایک گھٹیا مقدمہ ہے جس کے ذریعے انصاف کے پورے نظام اور فلسفے کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی محترمہ اہلیہ کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے اور ناحق قید کرنے کیلئے انصاف کی دھجیاں اڑا کر دو دن میں سزا سنائی گئی، مقدمے پر تیز ترین عدالتی کارروائی کے دوران بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کے وکلاء کو جرح کے بنیادی حق تک سے محروم کیا گیا، موجودہ جج صاحب کے پاس مقدمہ سماعت کیلئے آیا تو درخواست گزار اور پراسیکیوشن ٹیم نے بدتمیزی، بیہودگی اور قانون و انصاف کی بے توقیری کی ہر حد عبور کی۔
پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت کو ایک منصفانہ فیصلے سے روکنے کیلئے جج پر اعتراض سے لیکر عدالت کا وقت ضائع کرنے تک ہر شرمناک حربہ استعمال کیا گیا، پراسیکیوشن کی جانب سے مسلسل مزاحمت کے باوجود نہایت سست روی سے ٹرائل مکمل اور فیصلہ محفوظ کیا گیا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا جسے آج سنایا جانا تھا، آج فیصلہ سنانے کیلئے 9 بجے عدالت کھلی تو درخواست گزار نے قواعد کے برخلاف عدالت سے دس منٹ کا وقت مانگا، جج صاحب نے فیصلہ سنانے کی بجائے اپنی صوابدید پر درخواست گزار کو بولنے کی اجازت دی، سرکاری جماعت کے غنڈوں نے اس موقع پر شرانگیزی اور اشتعال کو ہوا دینے کی کوشش کی جسے تحریک انصاف کے کارکنان نے ناکام بنایا، چیف جسٹس قوم کو جواب دیں ان کی ماتحت عدالتوں میں انصاف کے دن دیہاڑے قتلِ عام کے بعد ان کے حلف یا منصب پر قائم رہنے کا کیا جواز باقی ہے، 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن کے منصوبہ ساز عدالتوں کو انصاف کا مقتل بنا کر ملک و قوم میں شدید اضطراب کو ہوا دے رہے ہیں۔
بانی چیئرمین کی ہدایات پر مسلسل صبر و ضبط، امن پسندی اور عدلیہ پر اعتماد کا مظاہرہ کررہے ہیں مگر ریاست کی نگاہ میں شرم و حیا کب پیدا ہوگی اور کب آئین و قانون کی کھلی بےحرمتی کا شرمناک سلسلہ روکا جائے گا۔