عدالت کے اندر نازیبا الفاظ استعمال ہوئے، کمرہ عدالت میں ہماری خواتین بھی موجود تھیں، عدت کیس میں جج صاحب نے کیس کا فیصلہ نہیں سنایا، مخالف وکیل نے آج فیصلہ نا دینے کی استدعا کی،پی ٹی آئی رہنماءکی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو
لاہور( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ عدت نکاح کیس میںعدالت کے اندرماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی،عدالت کے اندر نازیبا الفاظ استعمال ہوئے، کمرہ عدالت میں ہماری خواتین بھی موجود تھیں، عدت کیس میں جج صاحب نے کیس کا فیصلہ نہیں سنایا، مخالف وکیل نے آج فیصلہ نا دینے کی استدعا کی۔لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے کل تقریر میں عدلیہ کیلئے نامناسب الفاظ استعمال کئے۔
شہباز شریف جعلی وزیراعظم ہیں، نیب نے بحریہ ٹاون پر چھاپہ مارا اور وہاں سے القادر کا ریکارڈ تلاش کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ 28 مئی کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا کیونکہ اس دن بانی پی ٹی آئی کیس کا فیصلہ سنانا تھا، ورنہ مسلم لیگ (ن) نے اس دن پہلے کبھی چھٹی کا اعلان نہیں کیا۔
مسلم لیگ ن کی حکومت پہلے بھی آئی لیکن اس دن کبھی چھٹی کا اعلان نہیں کیا گیا، مگر کل سائفر کیس کا فیصلہ آنا تھا اس لئے عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین کیسز کی منظوری کا اقدام عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے لطیف کھوسہ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں پنجاب حکومت ، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ، وزارت داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں عمران خان نے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین مقدمات کی منظوری کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔درخواست میں مو¿قف اپنایا گیا ہے پنجاب کابینہ کا اقدام آئین کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے۔ عمران خان سابق وزیراعظم اور باعزت شہری ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اس وقت مختلف کیسز میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔