نیب اور پولیس کی جانب سے بحریہ ٹاون راولپنڈی کے دفتر پر مارے جانے والے چھاپے پر ملک ریاض کا ردعمل
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) ملک ریاض کا وعدہ معاف بننے انکار۔ تفصیلات کے مطابق نیب اور پولیس کی جانب سے بحریہ ٹاون راولپنڈی کے دفتر پر مارے جانے والے چھاپے پر ملک ریاض کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں ملک ریاض نے کہا کہ “ملک ریاض وعدہ معاف گواہ نہیں بنے گا۔
۔جو چاہے مجھ پر ظلم کرو”۔ واضح رہے کہ نیب کی جانب سے راولپنڈی میں واقعہ نجی ہاوسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاون کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بحریہ ٹاون فیز 2 میں واقعہ دفتر پر چھاپے کے دوران پولیس نے بھی نیب کی معاونت کی۔ نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کا ریکارڈ حاصل کرنے کیلئے چھاپہ مارا گیا۔
چھاپے کے دوران عملے سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ نیب کی ٹیم نے ملک ریاض کے دفتر کی بھی تلاشی لی جس کے بعد بحریہ ٹاون راولپنڈی کا دفتر سیل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل بحریہ ٹاون کے بانی ملک ریاض کا اہم بیان سامنے آیا تھا۔ ملک کی معروف کاروباری شخصیت اور رئیل اسٹیٹ ٹائیکون ملک ریاض نے انکشاف کیا ہے کہ ایک سال سے مجھ پر سمجھوتہ کرنے کیلئے بہت دباؤ ہے لیکن میں ہتھکنڈوں کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالوں گا، اگر مجھے استعمال کرنا ہے تو میری لاش کے اوپر سے جانا پڑے گا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میری ساری زندگی اللہ تعالٰی نے ہمیشہ مجھے اپنے اصول پر قائم رہنے کی رہنمائی کی ہے کہ میں کسی بھی معاملے میں سیاسی فریق نہ بنوں، اب ایک سال سے زیادہ عرصے سے مجھ پر سمجھوتہ کرنے کے لیے بہت دباؤ ہے، لیکن میں کبھی بھی کسی کو اجازت نہیں دوں گا کہ وہ مجھے سیاسی مقاصد کے لیے پیادہ کے طور پر استعمال کرے، پاکستان میں جدید ترین پراجیکٹس متعارف کروانے پر مجھے اور میرے کاروبار کو ہمیشہ نشانہ بنایا گیا ہے۔
ملک ریاض کا کہنا ہے کہ 1996ء سے آج تک ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی سزا بھگت رہا ہوں، میں نے ماضی میں اللہ تعالٰی کی مدد سے اس طرح کے دباؤ کا پوری ہمت اور طاقت کے ساتھ سامنا کیا ہے، آج بھی ذاتی حیثیت میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں، “over my dead body”۔ انہوں نے کہا کہ اپنی بیمار حالت اور پریشانی کے باوجود میں اللہ کی مدد سے اس مصیبت کا سامنا کرنے کے لیے ثابت قدم ہوں، روزانہ مالیاتی کاروباری نقصان برداشت کر رہا ہوں اور پوری طرح دیوار کے ساتھ دھکیل دیا جا رہا ہوں لیکن کسی دباؤ کے ہتھکنڈوں کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالوں گا، اللہ تعالٰی اس مشکل دور میں عزت کے ساتھ میری رہنمائی اور مدد کرے گا اور مجھے سرخرو کرے گا۔