جاتی امرا کے ٹھگ نے بلامقابلہ منتخب ہو کر چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر کو امتحان میں ڈالا

بلامقابلہ انتخاب کے بعد شاہراہِ دستور پر اندھوں، بہروں اور گونگوں کا مارچ پاسٹ جاری ہے، الیکشن کمیشن اور عدالتِ عظمیٰ بھگوڑے کے بلامقابلہ انتخاب کا نوٹس لیں۔ ترجمان پی ٹی آئی کا ردعمل

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ جاتی امرا کے ٹھگ نے بلامقابلہ منتخب ہو کر چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر کو امتحان میں ڈالا، بلامقابلہ انتخاب کے بعد شاہراہِ دستور پر اندھوں، بہروں اور گونگوں کا مارچ پاسٹ جاری ہے، الیکشن کمیشن اور عدالتِ عظمیٰ بھگوڑے کے بلامقابلہ انتخاب کا نوٹس لیں۔ ایکس پر جاری ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق لندن منصوبے کے تحت لندن سے درآمد شدہ بھگوڑے کے خطاب پر پاکستان تحریک انصاف نے ردِعمل میں کہا کہ جاتی امرا کے ٹھگ نے اپنے درباریوں سے بلا مقابلہ منتخب ہو کر چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر کو امتحان میں ڈالا ہے، بھگوڑے کے بلامقابلہ انتخاب کے بعد شاہراہِ دستور پر اندھوں، بہروں اور گونگوں کا مارچ پاسٹ جاری ہے، شخصی آمریت کے ریاستی غلاموں کے پاس گود میں پناہ گزین مسخرے کے خرافات سے بھرپور بھاشنوں پر سر دُھننے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اپنے قیام کے کم و بیش 30 برس بعد بھی نون لیگ کی حیثیت شریفوں کی ذاتی جاگیر اور ان کی نکمّی اولاد کیلئے وراثتِ بَد سے بڑھ کر کچھ نہ ہے، خود آمریت کی گود میں سیاسی جنم پانے والا جنرل جیلانی کا بچہ چار عشروں بعد بھی گود سے اترنے اور شخصی آمریت کی چوسنی منہ سے نکالنے کو تیار نہیں، تاریخ کے اس ناکام ترین اور رُسوائے زمانہ سیاسی دیہاڑی باز کی زبان، ضمیر اور عمل سب جنگل کے نام نہاد بادشاہ کے بھاری بھرکم قدموں تلے ہیں، جنگل راج ججز سمیت جس بھی ناپسندیدہ شخصیت کو نشانہ بنانا چاہتا ہے، لندن جائیدادوں کے اسیر اس کرائے کے ٹٹو کو چابی دی جاتی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ 8 فروری کو عوام کی جانب سے اپنے ووٹ کی پرچی کے ذریعے کئے فیصلے کے بعد اس کی سیاست پر کسی تبصرے کی ضرورت نہیں، الیکشن کمیشن اور عدالتِ عظمیٰ بھگوڑے کے بلامقابلہ انتخاب کا نوٹس لیں اور اسی معیار پر اس کا تجزیہ کریں جس پر تحریک انصاف کے صاف شفاف انتخابات کو پرکھا گیا، قوم ریاستی مسندوں پر بیٹھے ہر کردار کو نہایت غور سے دیکھ رہی ہے، آئین و قانون سے انحراف کرنے والوں سے خود نمٹے گی۔