نواز شریف بلا مقابلہ مسلم لیگ ن کے صدر منتخب

سابق وزیراعظم 6 سال بعد دوبارہ اپنی جماعت کے صدر منتخب ہوئے ہیں

لاہور ( نیوز ڈیسک ) سابق وزیراعظم نواز شریف بلا مقابلہ مسلم لیگ ن کے صدر منتخب ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف 6 سال بعد ایک بار پھر پارٹی کے صدر بن چکے ہیں، ن لیگ کے سابق صدر شہباز شریف کے پارٹی عہدے سے استعفے کے بعد نئے صدر کے انتخاب کے لیے الیکشن ہوا، جس میں پارٹی صدر کے عہدے کیلئے نواز شریف کے 8 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، نواز شریف کے چاروں صوبوں سے الگ الگ کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ پارٹی صدر کے امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت صبح 10 سے 12بجے تک کا تھا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، صوبہ سندھ سے ن لیگ کے صدر بشیر میمن، خیبرپختونخوا سے امیر مقام اور بلوچستان سے سردار یعقوب نے نواز شریف کے کاغذات جمع کرائے، جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ دن2 بجے تک کی گئی۔

معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی چیف الیکشن کمشنر رانا ثنا اللہ نے تجویز کنندگان اور تائید کنندگان کو طلب کیا اور نواز شریف کے کاغذات کی جانچ کی گئی بعد ازاں نواز شریف کے پارٹی صدر کے لیے کاغذات منظور کرلیے گئے اور سابق وزیراعظم بلامقابلہ مسلم لیگ ن کے صدر منتخب ہوگئے۔