سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار اداکررہی ہے‘ مشکلات کے باوجود پاکستان ایٹمی طاقت بن سکتا ہے تو ملک کی ترقی اور خوشحالی بھی ناممکن نہیں. شہبازشریف

متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ہم نے کشکول توڑنے کی بات کی تو متحدہ عرب امارات نے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا،اب ہماری طرف سے اس حوالے سے یکسوئی سے کام ہونا ہے دلجمعی سے یہ کام کرنے والے ہمارے سروں کا تاج ہوں گے.وزیراعظم کا سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں آج سرمایہ کاری سہولت کونسل کلیدی کردار ادا کررہی ہے پاکستان وسائل سے مالامال ملک ہے،اگر تمام مشکلات کے باوجود پاکستان ایٹمی طاقت بن سکتا ہے تو ملک کی ترقی اور خوشحالی بھی ناممکن نہیں،چاروں صوبوں اور وفاق نے مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے محنت کرنی ہے.

آج اسلام آباد میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کونسل کے اجلاس میں ہم نے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا سرمایہ کاری سہولت کونسل میں سول و فوجی افسران مل کر ایک متحدہ ٹیم کی طرح شبانہ روز محنت کررہے ہیں حالیہ دنوں میں سعودی عرب،متحدہ عرب امارات کے دورے سمیت دیگر ممالک کے وفود سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں خوشی ہوئی کہ اس سرمایہ کاری سہولت کونسل کے حوالے سے اعتماد اور یقین کا اظہار کیا گیا.

اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر، صوبائی وزراءاعلی اور کونسل کے ممبران نے بھی شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا وجود 2022 میں عمل میں لایا گیا تو اس وقت اس حوالے سے خدشات ظاہر کئے جارہے تھے تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس کی افادیت،کارکردگی اور کامیابیوں نے ناقدین کے منہ بند کر دیئے ہیں. انہوں نے کہا کہ میں نے اس کونسل کی تشکیل کی مکمل تائید کی تھی، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں آج ایس آئی ایف سی کلیدی کردار ادا کررہی ہے صوبائی قیادتوں کے مشکور ہیں کہ سب اس کونسل پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں امارات اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سرمایہ کاری کے اعلانات پر عملدرآمد اس کونسل کے ذریعے ہوگا.

وزیر اعظم نے کہا کہ نا صرف برادر ممالک بلکہ دیگر ممالک بھی اس کونسل کو اہمیت دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے،محنت سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں پروفیشنل ازم،ماہرین اور اعلی معیار کے آﺅٹ پٹ کا بہت فقدان ہے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کی جارہی ہے یہ کام ایک ادارہ کرکے دے رہا ہے سعودی عرب نے ہر طرح کی مدد اور سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے.

انہوں نے کہا کہ ایک بہادر اور جری قوم تمام مشکلات کے باوجود ایٹمی قوت بن گئی ہم نے مل کر وہ کام کیا جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، زرعی پیداوار بڑھانا،برآمدات میں اضافہ،نوجوانوں کو آئی ٹی ماہر بنانا،صنعتوں کا کام،معدنیات کا فروغ کوئی مشکل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے ماضی میں اس سے فائدہ اٹھانے کی بجائے ہم نے جرمانے بھرے،تاوان ادا کئے لیکن قوم کو ان وسائل سے مستفید نہیں کیا جاسکا اور اب ریکوڈک سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے اس میں سرمایہ کاری سہولت کونسل،فوج،بلوچستان حکومت کی کاوشیں شامل ہے.

انہوں نے کہا کہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران ہم نے کشکول توڑنے کی بات کی تو متحدہ عرب امارات نے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا،اب ہماری طرف سے اس حوالے سے یکسوئی سے کام ہونا ہے دلجمعی سے یہ کام کرنے والے ہمارے سروں کا تاج ہوں گے. انہوں نے کہا کہ اب سستی اور کاہلی کی گنجائش نہیں ہے اور جو سستی دکھائے گا وہ ہماری ٹیم کا حصہ نہیں رہے گا انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو خوشحال اور فعال ملک بنانا ہے مل کر شبانہ روز محنت کرنی ہے۔

وقت آئے گا کہ پاکستان دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا جہاں ترقی اور روزگار ہوگا انہوں نے کہا کہ ہم نے ایٹمی ملک کو خوشحال بھی بنانا ہے وزیر اعظم نے کہا کہ صوبوں کو وسائل مہیا کرکے ہمارے پاس کچھ نہیں بچتا سب نے مل کر محنت کرنی ہے یہ کھٹن سفر ہے لیکن ہم نے ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرنی ہے.