لاہور: ( نیوز ڈیسک ) سنی اتحاد کونسل نے صوبے کے حالات کے پیش نظر پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی ریکوزیشن جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر میاں اسلم اقبال نے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر سے رابطہ کیا، میاں اسلم اقبال نے ہدایت کی کہ اسمبلی اجلاس بلانے کے لئے جمعرات کو باضابطہ ریکوزیشن جمع کروائی جائے۔
اجلاس بلانے کے لئے پانچ نکاتی ایجنڈے پر مشاورت مکمل کر لی گئی، جلد پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلا کر ارکان کو بھی ہدایت کی جائے گی، پانچ نکاتی ایجنڈے میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، کسانوں کے مسائل اور گندم خریداری کی پالیسی شامل ہے۔
میاں اسلم اقبال کے مطابق اجلاس میں صوبے میں جاری بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا، بانی پی ٹی آئی اور خواتین پر بے بنیاد مقدمات اور مختلف منصوبوں میں موجودہ حکومت کی کرپشن پر بات کی جائے گی۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر ہونے والے حملے کا معاملہ بھی ایوان میں اٹھایا جائے گا، پارلیمانی لیڈر اجلاس کے لئے اپوزیشن پہلے سے جمع ریکوزیشن سے دستبردار ہوگئی تھی، اپوزیشن نے جاری اجلاس میں گندم پر بحث کرلی تھی۔