اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) رہنما مسلم لیگ ن طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر یلغار کرنے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کہتے ہیں میں اسلام آباد پر حملہ کردوں گا، علی امین گنڈاپور کہتے ہیں احتجاج کروں گا، ان کو بتانا چاہتا ہوں اسلام آباد کے رہائشیوں کے بھی آئینی حقوق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر احتجاج آپ کا آئینی حق ہے تو میرے اسلام آباد کے رہنے والوں کے بھی حقوق ہیں، آپ کو اسلام آباد کے لوگوں کے آئینی حقوق پر ڈاکہ مارنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آپ اپنا شوق پورا کریں، آپ نے گورنر خیبرپختونخوا پر کے پی ہاؤس میں داخلے پر پابندی لگائی، اگر وزیراعظم اعلان کریں تو آپ اسلام آباد میں داخل نہیں ہو سکتے، لیکن ہم اس طرح کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم کہتے ہیں اس نظام کو آگے چلنا چاہیے۔ طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ اداروں کے خلاف گفتگو اور گالم گلوچ کلچر کا خاتمہ ہونا چاہیے، مذاکرات کی بات کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔