سیاسی و معاشی حالات عمران خان سے مذاکرات کے بعد ہی بہتر ہو سکتے ہیں، پرویزالٰہی

ن لیگ کے اندر اس وقت دو بیانیے چل رہے ہیں ایک مذاکرات کے حق میں ہے اور دوسراحکمران طبقہ مذاکرات سے فرار چاہتا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے مذاکرات کی حامی بھری ہے۔ احتساب عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی و معاشی حالات عمران خان سے مذاکرات کرنے کے بعد ہی بہتر ہو سکتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اپنا اپنا مثبت رول ادا کریں تب ہی استحکام پیدا ہوگا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ جنرل الیکشن اور پھر ضمنی الیکشن میں عوام نے ن لیگ کو مسترد کیا، فارم 47 والی حکومت عوام کو کسی صورت قبول نہیں، عمران خان کی رہائی کا خوف جعلی حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا، نااہل حکمران کب تک عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جیل میں بند رکھیں گے، انشاء اللہ بہت جلد سب عوام میں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے مذاکرات کی حامی بھری ہے، ہر مسئلہ کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے، لگتا ہے ن لیگ مذاکرات کیلئے سنجیدہ نہیں، ن لیگ کے اندر اس وقت دو بیانیے چل رہے ہیں ایک مذاکرات کے حق میں ہے اور دوسراحکمران طبقہ مذاکرات سے فرار چاہتا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذاکرات ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے، با اختیار حلقوں سے مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہوسکتے ہیں، عمران خان اپنی ذات نہیں بلکہ ملک و قوم کے لیے مذاکرات پر رضا مند ہوئے، با اختیار مقتدر حلقوں کو عارف علوی کی مذاکرات کی دعوت کا مثبت جواب دینا چاہیئے کیوں کہ موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم سے خیر خواہی نہیں ہوگی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ ن پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کر رہی ہے، کیوں کہ اسے پتا ہے انہیں چوری شدہ مینڈیٹ واپس کرنا پڑے گا، ویسے بھی ن لیگ فوج کے خلاف سب سے زیادہ زہر اگلنے والی جماعت ہے، اس بار تو کسان بھی گندم بیچنے کے لیے رُل رہے ہیں لیکن ان کی ٹک ٹاک حکومت لمبی تان کر سورہی ہے۔