آئی جی پنجاب نے سکیورٹی آلات کی خریداری اور تنصیب کیلئے 14 کروڑ 91 لاکھ روپے کے فنڈز مانگ لیے
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی رہائش گاہ کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے جدید آلات خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔ دنیا نیوز کے مطابق لاہور کے علاقہ جاتی امراء میں واقع وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائش گاہ کے سکیورٹی آڈٹ میں نقائص سامنے آئے ہیں، جس کی وجہ سے سیکورٹی کو بہتر کرنے کے لیے جدید آلات خریدنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس مقصد کے لیے آئی جی پنجاب نے سکیورٹی آلات کی خریداری اور تنصیب کے لئے پنجاب حکومت سے 14 کروڑ 91 لاکھ روپے کے فنڈز مانگ لیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے خریدے جانے والے آلات میں سی سی ٹی وی کیمرے، ایل ای ڈیز، لائٹس، پولز، جنریٹر، خاردار تاروں سمیت دیگر سیکورٹی آلات شامل ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائش گاہ کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے بروقت ان آلات کی خریداری کرکے تنصیب کی جائے گی، اس کے علاوہ پولیس نے تمام رہائش گاہوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے فنڈز کی ڈیمانڈ کی ہے، فنڈز کے اجراء کے بعد سکیورٹی آلات کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری ہوں گے اور خریداری کے لیے کنٹریکٹ کرنے کا عمل مکمل ہوگا۔
قبل ازیں رواں برس مارچ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سرکاری گاڑی کے ٹائر بدلنے کیلئے محکمہ خزانہ سے 2 کروڑ 73 لاکھ روپے طلب کیے گئے تھے، وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سرکاری گاڑی کے لیے گرانٹ طلب کرنا معمول کی بات ہے، ٹائروں کی تبدیلی کے لیے بھی مریم نواز کو قائل کرنا پڑا، ایک بار دوران سفر ایک ٹائر برسٹ بھی ہوچکا ہے، معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ ٹائر اکتوبر 2022ء میں آخری بار تبدیل ہوئے، اُس وقت بھی ان کی قیمت 2 کروڑ 34 لاکھ روپے تھی۔
وزیراطلاعات پنجاب نے اس معاملے پر اپنے مخالفوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مخالفین کے پاس کہنے کو کچھ نہیں تو انہوں نے ٹائروں پر واویلا شروع کردیا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا فیصلہ بھی صرف ایک دن کے لیے تھا اور وہ بھی سکیورٹی معاملات میں روٹین کی تبدیلی کے لیے کیا گیا تھا۔