تحریک انصاف نے رانا ثنا اللہ کی گرینڈ ڈائیلاگ کی پیشکش مسترد کردی

بات چیت ان سے ہوگی جو اصل طاقت کا منبع ہیں، رانا ثناء اللہ اور شہباز ڈمی ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کی گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے رانا ثناء اللہ کی گرینڈ ڈائیلاگ کی پیشکش مسترد کردی۔ نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ رانا ثناءاللہ اور شہباز شریف کے ذریعے پیغامات بھجوائے جارہے ہیں، ان دونوں سے یہ باتیں کون کرا رہا ہے؟ ان کے پاس تو دینے کو کچھ بھی نہیں ہے، بات چیت ان سے ہوگی جو اصل طاقت کا منبع ہیں، رانا ثناء اللہ اور شہباز ڈمی ہیں، کہتے ہیں وزیر اعظم سے مذاکرات کریں، ہم ایک ڈمی سے کیا بات کریں جس کے پاس کوئی اختیار ہی نہیں، اس لیے بات چیت ہوگی تو ان کے ساتھ جن کے ہاتھ میں پاور ہے اور آخر کار پی ٹی آئی سے براہِ راست بات ہوگی۔
قبل ازیں وفاقی مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ اگر ڈائیلاگ ہوا تو پھر عمران خان کی مرضی کے مطابق نہیں بلکہ غیرمشروط ہوگا، گریٹ ڈائیلاگ میں ادارے بھی شامل ہوں گے،عدالتی اسٹے کی وجہ سے9 مئی کے بے گناہ ملزمان بھی جیلوں میں ہیں، اس کا ٹرائل ہونا چاہیئے جو ملوث ان کوسزا دی جائے بے گناہ گھروں کو جائیں، عمران خان کسی کے ساتھ بیٹھنے اور بات کرنے کو تیار نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں کہ مولانا فضل الرحمان بھی اگر اپوزیشن اتحاد میں شامل ہوجائیں اور اپوزیشن اتحاد حکومت کے ساتھ بیٹھ جائے تو معاملات حل ہونے پر ملک میں سیاسی معاشی استحکام آسکتا ہے۔
انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اس کی بڑی خدمات ہیں، مسلم لیگ ن نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ن لیگ نے سیاست کرنی ہے اور سیاست کررہی ہے، اگر کسی کو نظر نہیں آرہی تو بالکل نظر آنی چاہئے،حکومتی معاملات پیچیدہ ہیں کہ اتنی محنت شہبازشریف نے پوری زندگی نہیں کی ہوگی جتنی اب کررہے ہیں، اس وجہ سے پارٹی کی سیاست میں کمی رہی ہے، میاں نوازشریف پارٹی صدارت سنبھالنے جارہے ہیں، اس سے ن لیگ کی سیاست میں تیزی آئے گی۔