عوامی سیاسی جماعت کو ”انتشاری گروہ“ کہہ کر ”معافی“ کا مطالبہ متفقہ طور پر مسترد کرتے ہیں

ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس غیرآئینی، غیرقانونی تھی، یہ پریس کانفرنس فوج کی ساکھ اور آئینی کردار کیلئے نہایت منفی اثرات کی حامل تھی۔ اعلامیہ کورکمیٹی پی ٹی آئی

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی نے عوامی سیاسی جماعت کو ”انتشاری گروہ“ کہہ کر ”معافی“ کا مطالبہ متفقہ طور پر مسترد کردیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس غیرآئینی، غیرقانونی تھی، یہ پریس کانفرنس فوج کی ساکھ اور آئینی کردار کیلئے نہایت منفی اثرات کی حامل تھی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے ایکس پر جاری کورکمیٹی اعلامیہ میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کورکمیٹی کی جانب سے 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی اور کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندہ جماعت کیخلاف ریاستی وسائل سے برپا کیا گیا جھوٹا، زہریلا، گمراہ کن اور بے بنیاد پراپیگنڈہ مسترد کردیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس غیرآئینی، غیرقانونی، اختیارات سے تجاوز اور تضادات کا مجموعہ اور افواجِ پاکستان کی ساکھ اور آئینی کردار کیلئے نہایت منفی اثرات کی حامل قرار دے کر مسترد، اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندہ سیاسی جماعت کو ”انتشاری گروہ“ قرار دے کر ”معافی“ کا مطالبہ بھی متفقہ طور پر مسترد کردیا گیا۔
اسی طرح پاکستان تحریک انصاف بالخصوص بانی عمران خان نے تسلسل 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن کی مذمت کی، جلاؤ گھیراؤ اور نہتے شہریوں کے بیہنامہ قتل سمیت پرتشدد واقعات کے ذمہ داروں کے تعین کیلئے اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ 9 مئی 2023 کے فالس فلیگ آپریشن کے خلاف ملک گیر پرامن احتجاج کو ریاستی جبر سے کچلنے اور بنیادی سیاسی حقوق غضب کرنے کی انتظامی کوششوں کی شدید مذمت کی۔
چادر چار دیواری کے تقدس کی پامالی ، پی ٹی آئی کے قائدین اور کارکنان کے گھروں کے غیرقانونی محاصرے اور پرامن مظاہرین پر تشدد کی بھی مذمت کی۔کورکمیٹی کی جانب سے 9مئی کے فالس فلیگ آپریشن آزادانہ اعلیٰ سطحی تحقیقات کے اصولی مطالبے کا اعادہ کیا گیا۔ کورکمیٹی نے مطالبہ کیا کہ سب سے بڑی جماعت کے خلاف جاری انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ فوری روکا جائے۔8فروری کے عام انتخابات کے بعد عوامی مینڈیٹ پر ڈالے گئے ڈاکے اور نگران وزیراعظم کاکڑ کے بیان کی عدالتی تحقیقات کی جائیں۔