جعلی فارم 47 حکومت کا آخری وقت آن پہنچا ہے،وکلاءکی آئینی و قانونی جنگ میں ساتھ کھڑے ہیں،وکلاء پر آنسو گیس کی شیلنگ قابل مذمت ہے،مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) خیبرپختونخواہ حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پولیس نے وکلاءکے پرامن مارچ پر تشد د کرکے زیادتی کی ہے ،جعلی فارم 47 حکومت کا آخری وقت آن پہنچا ہے،وکلاءکی آئینی و قانونی جنگ میں ساتھ کھڑے ہیں،وکلاءپر آنسو گیس کی شیلنگ قابل مذمت ہے ۔ پولیس کی جانب سے وکلاءپر تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، پنجاب حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے،لاہور کی سڑکوں پر احتجاج روز کا معمول بن چکا ہے۔
اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے نہتے وکلاءپر تشدد کرکے ظلم و بربریت کی داستان رقم کی ہے ۔ ٹک ٹاک پر پنجاب پیرس جبکہ حقیقت بالکل برعکس ہے۔ اخلاقی جواز سے عاری فارم 47 حکومت میں ججز کے بعد وکلاءبھی نشانے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرامن وکلاءپر تشدد کرنا کہاں کی عقل مندی ہے ۔خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے باہر لاہور بار ایسوسی ایشن کی ریلی پر پولیس نے لاٹھی چارج اورآنسو گیس کی شیلنگ کی گئی تھی۔
سول عدالتوں کی منتقلی اوردہشت گردی کے مقدمات کے خلاف وکلا نے ایوان عدل سے لاہور ہائیکورٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی تھی۔لاہور بار ایسوسی ایشن کی ریلی لاہور ہائی کورٹ پہنچی تھی، مطالبات کی منظوری کیلئے وکلا نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے احتجاج کرنے والے کئی وکلا کو گرفتار کرلیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ کے باہر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا تھا جس سے کئی وکلاءزخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے 30کے قریب مظاہرین کو گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس کی جانب سے وکلاءکو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا گیاتھا۔ایس ایس پی علی کا کہنا تھا کہ وکلاءنے پہلے پولیس پر پتھراوٴ کیا تھا وکلاءکے پتھراوٴ کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کیاتھا۔وکلاءپر تشدد اور پولیس کی آنسو گیس کی شیلنگ کیخلاف پاکستان بار کونسل ،سپریم کورٹ بار ،پنجاب بار سمیت دیگر بارز نے ہڑتال کا اعلان کیاتھا۔وکلاءرہنماﺅں کا کہنا تھا کہ کوئی وکیل نہ تو عدالتوں میں پیش ہو گا ۔جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔وکلا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسن بھون کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں وکلا ریلیاں نکالیں گے۔