وزیر اعظم نے گندم سکینڈل پر وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا، کابینہ گندم سکینڈل کی تحقیقات پر پیشرفت کا جائزہ لے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج صبح 11 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا، اجلاس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے، کابینہ گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات میں پیشرفت کا جائزہ لے گی، اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس کے علاوہ ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے درآمد کی جانے والی گندم میں کیڑوں کی نشاندہی پر 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی کی سربراہی فوڈ کمشنر سید وسیم الحسن کریں گے، کمیٹی کیڑوں والی گندم درآمد کرنے کی تحقیقات کرے گی۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی ناقص اور کیڑوں والی گندم کی درآمد پر ایک جامع رپورٹ پیش کرے گی، ناقص اور غیر معیاری گندم کی درآمد میں کون ملوث ہے اس کی شفاف تحقیقات کی جائے گی۔