لیگی ایم پی اے ملک اعوان نے تحریک انصاف کے ایم این اے آصف خان کے پشاور میں واقع گھر پر دھاوا بول کر ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
پشاور ( نیوز ڈیسک ) ن لیگی ایم پی اے کا متعدد افراد کے ہمراہ پی ٹی آئی ایم این اے کے گھر پر دھاوا، ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن خیبرپختونخواہ اسمبلی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کے گھر پر حملہ کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رہورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی ملک اعوان نے صوبے کے دارالحکومت پشاور میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آصف خان کے گھر پر دھاوا بولا۔
اس دوران ان کے ہمراہ متعدد گارڈز اور دیگر افراد بھی تھے۔ لیگی ایم پی اے اور دیگر افراد نے پی ٹی آئی ایم این اے آصف خان کے گھر پر موجود ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی ایم این اے آصف خان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وہ گھر پر موجود نہیں تھے، جب ان کے گھر پر حملہ ہوا تو وہ اس وقت اسلام آباد میں موجود تھے۔ بعد ازاں پشاور پولیس نے ایم این اے آصف خان کی درخواست پر ان کے گھر پر ہونے والے حملے کا مقدمہ درج کر لیا۔