ریاض : ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک سعودی معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر تجارت عزت مآب ماجد القصبی کی ملاقات ہوئی ہے ، ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک سعودی تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے پوری طرح فعال ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر تجارت نے کہا کہ وزیراعظم سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کی واضح ہدایات کے مطابق ہم پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے ترجیح دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی کاروباری برادری و تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے ، اگلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے ، دونوں ممالک کے نوجوانوں اور نئی نسل میں سعودیہ -پاکستان دوستی کے حوالے سے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔