نارووال: ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا کہ ملکی معیشت کو صحیح سمت پر لیجانے کیلئے کڑوی گولیاں نگلنی پڑیں گی۔
وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے ظفروال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے آج کسان پریشان نظر آتے ہیں، 2018ء کے بعد بانی پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا تھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ بین الاقوامی منڈیوں میں بھی گندم کے نرخ کم ہو گئے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں گندم کی صورتحال پر نوٹس لے لیا ہے، حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کسانوں کی مدد کرے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک ڈیڑھ سال عوام کیلئے مشکل ہوگا، ہم ملکی معیشت کو راہ راست پر لے آئیں گے، ہم ذاتیات کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہمیشہ امن تعلیم اور ترقی کی سیاست کی ہے، کبھی لالچ نہیں کیا، عوامی خدمت کو ہی سیاست سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شکرگڑھ سے الیکشن ہارنے والا شخص ٹی وی چینلز پر میری کردار کشی کرتا ہے، جھوٹے مقدمات اور ٹاؤٹوں کا کلچر ختم کردیں گے، پولیس راتوں کا جاگ کر ہماری حفاظت کرتی ہے، شہریوں کی حفاظت کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ظفروال کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات اولین ترجیحات ہیں، تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ظفروال میں آپریشن تھیٹر فنگشنل کر دیا گیا ہے۔