لاہور:( نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ ن پنجاب کے تنظیمی اجلاس میں میاں نوازشریف کو پارٹی صدر بنانے کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد کے مطابق مسلم لیگ ن کے عہدیداروں اور کارکنوں نے قائد میاں نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، قرار داد کے مطابق میاں نواز شریف کو 2017 میں ایک سازش کے تحت نااہل کیا گیا اور نواز شریف کو پاکستان مسلم لیگ ن کی صدارت سے جبری طور پر محروم کیا گیا۔
قرارداد کے متن میں یہ بھی بتایا گیا کہ آج جبکہ سازشی آرڈرز اور جعلی سزائیں اپنے انجام کو پہنچ چکی ہیں، اللہ تعالیٰ نے قائد میاں نواز شریف کو سرخرو کر دیا ہے، مسلم لیگ ن اپنے قائد میاں نواز شریف سے استدعا کرتی ہے کہ وہ پارٹی کی قیادت سنبھالیں تاکہ پارٹی ان کی ولولہ انگیز قیادت میں عوامی مقبولیت کی نئی جہتیں طے کر سکے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پارٹی کی بھرپور کامیابی پر پنجاب کی تنظیم بالخصوص پارٹی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی قیادت کی فلسطین پر صہیونی مظالم کی پرزور مذمت کرنے پر ان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، پارٹی قیادت فلسطین کے معصوم بچوں اور عورتوں پر ہونے والے مظالم ختم کروانے اور جنگ بندی کے لیے مزید کاوشیں کرے۔