معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں ہے، آئیے ہم سب مل کر منفی قوتوں کو رد کریں،جنرل عاصم منیر کا تقریب سے خطاب
اسلا م آباد( نیوز ڈیسک ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی،معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں ہے۔اسلا م آباد میں منعقدہ گرین پاکستان اینیشیٹیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ آئیے ہم سب مل کر منفی قوتوں کو رد کریں،منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنے سے نہیں روک سکتے۔
ہم سب ملکر ٹیم پاکستان ہیں انشاءاللہ عوام کے تعاون اور سپورٹ سے، پاکستان کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہونگی۔ آج کے دور میں معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں۔
پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے سفر میں کسی قسم کا عدم استحکام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہم سب ملکر پاکستان کی ترقی اور استحکام کے سفر پراپنی نظریں مرکوزکر لیں۔
دشمن کے منفی پروپیگنڈا اور ٹرولز ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنے سے نہیں روک سکتے۔یاد رہے کہ حکومت اور پاک فوج کے تعاون سے ملک میں زرعی انقلاب لانے کیلئے اہم منصوبے” گرین پاکستان انیشیٹو”کا اعلان کیا گیا تھا۔ منصوبے کے تحت ملک میں زراعت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیاگیاتھا۔زراعت کو جدید اصولوں پر چلانے کیلئے ملک میں آبپاشی کے جدید منصوبوں سمیت شمسی توانائی کے ذریعے زراعت کے شعبے میں نئی جدتوں کو متعارف کروانے کافیصلہ کیا گیا تھا۔
ملک میں نہروں کی تعمیر کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور دیا گیا تھا اور کسانوں کو ہائبرڈ بیجوں کے ذریعے فصلوں کی پیداوار میں اضافے کیلئے تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا تھا۔ سیلابی پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے اسے فصلوں کی کاشت کیلئے نہروں کے ذریعے قابل استعمال بنانے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔