اسلام آباد 🙁 نیوز ڈیسک )مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تصادم کا راستہ اختیار کریں گے تو نقصان جمہوریت کو پہنچے گا۔
اسلام آباد میں رہنما پاکستان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی اور ندیم افضل چن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی والے راستے پر نہیں چلنا چاہیے، اگر کے پی میں مولانا کے مینڈیٹ کو چرایا گیا تو پی ٹی آئی ہمت کرے اور ان کی سیٹیں واپس کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کہا ہے آئیں بات چیت سے معاملات حل کریں، عوام نے مولانا فضل الرحمان کو مستر د کیا ہے تو وہ اس کا بدلہ جمہوریت سے نہ لیں، مولانا فضل الرحمان کو تصادم کے بجائے بات چیت کا راستہ اپنانا چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کو پرامن طور پر آباد کریں گے، آج ان دہشتگردوں نے اسلحہ اٹھا لیا ہم کس کا گریبان پکڑیں، اس وقت دہشتگردوں کے خلاف زیروٹالرنس ہونی چاہیے۔
گالی گلوچ کی سیاست عوام کے ساتھ زیادتی ہے : ندیم افضل چن
رہنما پیپلزپارٹی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ قصور ہمارا اپنا ہے کہ ہم الیکشن کو کبھی آزاد،خود مختار نہیں بناسکے، اگر گالم گلوچ کی سیاست ہوتی رہے گی تو یہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے جو پارلیمنٹ میں خطاب کیا اس کے نکات دیکھ لیں، پی ٹی آئی کے رویے سے عوام میں مایوسی پھیلتی جارہی ہے، ملک میں مہنگائی اور لاقانونیت ہے۔
ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ پاکستان میں فوڈ سکیورٹی ایک بڑا ایشو ہے، حکومت پنجاب اور وفاق سے گزارش ہے گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں، کسان کو معاشی قتل سے بچائیں، اگر کسان بھی سڑکوں پر آگیا تو ملک مزید بحرانوں میں جائے گا، کسان کیلئے جو گندم کی قیمت3900روپے مقرر کی ہے اس کو یقینی بنائیں۔