ضمنی انتخابات میں تمام حلقوں میں جیت پی ٹی آئی جھنڈے کی ہوئی، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا

باجوڑمیں بانی پی ٹی آئی کے وژن اور بیانیے کو کامیابی ملی،تمام حلقوں میں جیت پی ٹی آئی کی ہوئی،پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں مخالف سیاسی جماعتوں کا خاتمہ کردیا،بیان

پشاور( نیوز ڈیسک ) خیبرپختونخواہ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں تمام حلقوں میں جیت پی ٹی آئی جھنڈے کی ہوئی، باجوڑمیں بانی پی ٹی آئی کے وژن اور بیانیے کو کامیابی ملی، پرامن اور شفاف ضمنی انتخابات کو یقینی بنایا گیا، تمام حلقوں میں جیت پی ٹی آئی کی ہوئی۔اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ سازشوں کے باوجود ضمنی انتخابات میں کسی قسم زبردستی نہیں کرنے دی گئی۔
پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں مخالف سیاسی جماعتوں کا خاتمہ کردیا۔ باجوڑ میں بھی عوام نے بانی پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ضمنی انتخاب میں ٹرن آوٴٹ کم ہی ہوتا ہے، 8 فروری کو جو ہوا اس کا مقصد یہی ہے کہ ووٹ کی کوئی اہمیت نہیں لیکن عام انتخابات میں جو کچھ ہوا اس کے باوجود آج لوگ اپنے امیدوار کو ووٹ ڈالنے باہر نکلے۔
ضمنی الیکشن میں حکومت کی دھاندلی کے باوجودپی ٹی آئی نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے۔

یاد رہے کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی 2 نشستوں سمیت پنجاب اسمبلی کی 12 میں سے 10 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ اتحادی جماعتیں ق لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی بھی ایک ایک صوبائی نشست حاصل کرسکی ہیں۔قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں ن لیگ 2، پیپلزپارٹی اور سنی اتحاد کونسل 1۔
1 نشست پر کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 باجوڑ کے ضمنی انتخابات میں آزاد امیدوار مبارک زیب کامیاب قرار پائے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک بھر سے صوبائی اسمبلیوں کی 16 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں ن لیگ 10، سنی اتحاد کونسل 1، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ ق بھی 1-1 نشست پر کامیاب ہوئے ہیں۔