آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چیف آف جنرل اسٹاف ترکیہ کی ملاقات، جنرل متین گیوراک کی علاقائی امن واستحکام اور دہشتگردی سے نمٹنے سے متعلق پاک فوج کی تعریف، آئی ایس پی آر
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان اور ترکیہ کی عسکری قیادت کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم کیا گیا ہے، دونوں ممالک نے مسلح افواج میں موجودہ فوجی تعاون مزید آگے بڑھانے پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل متین گیوراک نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی، دفاعی تربیت اور علاقائی امن واستحکام کے فروغ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں اطراف سے اپنی اقوام میں مضبوط تعلقات کو تسلیم کیا گیا، ملاقات میں دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دونوں ملکوں کی مسلح افواج میں موجودہ فوجی تعاون مزید آگے بڑھانے پر زور دیا۔ جنرل متین گیوراک نے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جنرل متین گیوراک نے دہشتگردی سے نمٹنے کے حوالے سے پاک فوج کے زبردست کردار کی تعریف کی۔