اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنے کی اشد ضرورت ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر تمام ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسری بار صدر منتخب کرنے پر اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کا تہہ دل سے مشکور ہوں، بطور صدر میں نے اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو دینے کا فیصلہ کیا، ہمارے پاس وقت بہت کم ہے، ہمارا ایجنڈا اور خیالات ہی ملک کو مضبوط بنائیں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو نے اپنی زندگی جمہوریت اور انصاف کے لئے وقف کی، معیشت کی بحالی کے لئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، ہماری آبادی کا ایک بڑا حصہ غربت میں جارہا ہے، لوگوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید پھیلانے کی ضرورت ہے۔
صدرمملکت نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام خوش آئند ہے، تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، ہمیں عوام کی ترجیحات کو پورا کرنا ہوگا، ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانا ناممکن نہیں، حکومت مہنگائی کم کرنے، ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کے لئے معاشی اصلاحات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری لانا ہمارا بنیادی مقصد ہونا چاہئے، ہمیں مشترکہ احترام اور سیاسی مفاہمت کو آگے لیکر چلنا ہوگا، ہم دہشت گرد عناصر کو ختم کریں گے، افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے جنہوں نے قربانیاں دیں۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ہمیں نئی منڈیوں کی تلاش کے لئے کوششیں تیز کرنا ہوں گی، ملک میں دہشت گردی ایک بار پھرسر اٹھا رہی ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، پاکستان دہشت گردی کو مشترکہ خطرہ سمجھتا ہے، دہشت گردی سے قومی سلامتی، علاقائی امن وخوشحالی کوخطرہ ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ پڑوسی ممالک سے دہشت گرد گروہوں کا سختی سے نوٹس لینے کی توقع رکھتے ہیں، دہشت گرد گروہ ہماری فورسز اور عوام پر حملوں میں ملوث ہیں، دہشت گرد عناصر کے خاتمے کیلئے قوم کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔