اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب نے کہا کہ ضمنی الیکشن سے قبل ہی پری پول دھاندلی کا بازارگرم ہے۔ عمرایوب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دیمک زدہ بیساکھیوں پرچلنے والی پنجاب حکومت ہے، آئی جی کرپٹ آدمی ہے جو اپنے اہلکاروں کا تحفظ نہیں کرسکا، پی ٹی آئی کے لوگوں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے کینیڈا میں سفیر لگانے کا وعدہ کیا گیا ہے، آج کل سیر کے لئے چیف الیکشن کمشنر گئے ہوئے ہیں، چیف الیکشن کمشنرسے کہا گیا ہے تحریک انصاف کی سیٹیں کم کرو، آرپی او گوجرانوالہ کو وزیرآباد کا چارج دیا گیا جو(ن) لیگی امیدوار کا رشتے دارہے۔
عمرایوب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی دورمیں معیشت چھ فیصد پر گروتھ کررہی تھی جس کو پی ڈی ایم نے صفر پر پہنچا دیا، کرونا کے دوران پاکستان کی معاشی پالیسیوں کو دنیا نے سراہا، فارم 47 کی بیساکھیوں پر آنے والی حکومت نے بجلی، پٹرول بم گرانا شروع کر دیئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ یہ بجلی کے فی یونٹ کو 100 روپےتک پہنچائیں گے، چند ہفتوں بعد مزید پٹرول بم گرانے والے ہیں، انہوں نے شہبازشریف اور ان کی کابینہ کو جیب تراش قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام اپنی جیبوں کا خیال رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے روزگاری عروج پر ہے، مریم نواز کی پنجاب حکومت کو کچھ نہیں پتا، پنجاب میں کسی جگہ پر16 روپے کی روٹی اور20 کا نان نہیں مل رہا، یہ روٹی اور نان کی قیمت کے حوالے سے جھوٹ بول رہے ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ ایران، اسرائیل معاملے پر وزیر خارجہ کو پالیسی بیان دینا چاہئے تھا، وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو فرصت ہی نہیں ہے، سعودی وفد کو سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں، سرمایہ کاری کرنے والے پہلے ملک میں رول آف لا کو دیکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فارم 47 کی حکومت نے آئین کے پرخچے اڑا دیئے ہیں، ججز خط لکھ رہے ہیں، فیض آباد انکوائری رپورٹ کو الماری میں بند کرنے کے بجائے پبلک کیا جائے، بہاولنگر واقعہ میں پولیس اور فوج آپس میں گتھم گتھا ہوئی، جج صاحب کی سربراہی میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہئے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ خواجہ آصف کا بیان سنا ہے، خواجہ آصف نے کہا پولیس والے بغیر وارنٹ کے گئے، خواجہ آصف سے پوچھتا ہوں کیا پولیس والے پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں میں وارنٹ یا گلدستے لیکر جاتے تھے، پی ٹی آئی کارکنوں سے مرغا پریڈ، ڈوڈو پریڈ کرائی گئی۔
عمرایوب نے کہا کہ ہمارا چھ جماعتی اتحاد بن چکا ہے، ہمارا ایک ہی مقصد ہے ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہو، چمن میں ہمارا تاریخی جلسہ ہوا ہے، حکومت کو کھلا چیلنج کرتا ہوں چمن، پشین میں اسی جگہ پر جلسہ کرکے دکھائیں، چمن، پشین کے لوگوں نے جلسے میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی یونٹی کی علامت ہے، خدارا دیوارسے نہ لگائیں، بشریٰ بی بی کا چیک اپ جمعرات کے دن کیا گیا، ہمارا مطالبہ شوکت خانم کے ڈاکٹر سے چیک اپ کرانا تھا، شوکت خانم کے ڈاکٹرسے چیک اپ کرانے کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ 970 ارب روپے پٹرولیم لیوی کے نام پر لوٹے جائیں گے۔