تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے روٹی کی قیمت میں بڑی کمی کر دی، سرکاری قیمت کا اطلاق صوبے بھر میں ہو گا
پشاور ( نیوز ڈیسک ) خیبرپختونخواہ ملک میں سب سے سستی روٹی والا صوبہ بن گیا، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے روٹی کی قیمت میں بڑی کمی کر دی، سرکاری قیمت کا اطلاق صوبے بھر میں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حمایت یافتہ خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے بھر میں روٹی کی سرکاری قیمت میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے صوبے میں روٹی کی قیمت میں 5 روپےکمی کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے وزیرخوراک ظاہرشاہ کے مطابق 100 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے اور 200 گرام کی قیمت 30 روپے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کرتی رہےگی صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے مزید انقلابی اور عوام دوست اقدامات کئےجائیں گے، حکومت عوامی خدمت کے حوالے سے ایک بار پھر بازی لے گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اعلان سے خیبرپختوںخواہ سب سے سستی روٹی والا صوبہ بن گیا۔ اس وقت ملک کے کسی صوبے میں روٹی کی سرکاری قیمت 15 روپے نہیں ہے۔ جبکہ اس سے قبل پنجاب حکومت بھی روٹی سستی کرنے کا اعلان کر چکی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ الحمدللہ پنجاب میں آج سے روٹی کی قیمت 16 روپے فی روٹی مقرر کر دی گئی ہے۔
وزیراعلی ٰپنجاب کی ہدایت پر ڈی سی لاہور نے روٹی نان کی نئی قیمت کانوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ 100 گرام روٹی کی قیمت 16روپے اور 120 گرام نان کی قیمت 20روپے مقرر کی گئی ہے۔ تاہم بعد ازاں نان بائی ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کا روٹی سستی کرنے کا اعلان مسترد کر دیا۔ ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نان بائی ایسوسی ایشن سے درخواست ہے حکومت کسی کے ساتھ سختی نہیں کرنا چاہتی، عام آدمی کے ریلیف میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔