وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

مکہ مکرمہ: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہبازشریف اور وفد کے ارکان کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

الصفا پیلس میں ہونے والی ملاقات میں ولی عہد بحرین بھی شریک ہوئے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں افطار ڈنر بھی دیا، افطار ڈنر میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفد کے دیگر ارکان بھی شریک ہوئے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف مدینہ منورہ میں ایک روز قیام کے بعد مکہ مکرمہ پہنچے تو مکہ کے ریلوے سٹیشن پر پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔