عمران خان اور ان کی شریک حیات دونوں توشہ خانہ ڈکیتی میں ملوث رہے ہیں، آڈیوز نے ثابت کیا وہ کرپشن اور غبن میں ملوث تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا بیان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے توشہ خانہ کیس کے حوالے سے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سینئر عسکری قیادت پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا، من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خوف و ہراس اور مایوسی کی حالت میں عمران خان اس طرح کے الزامات لگا رہے ہیں، یہ من گھڑت، جھوٹے اور بے بنیاد الزامات ہیں جن کا کوئی ثبوت نہیں، عمران خان اور ان کی شریک حیات دونوں توشہ خانہ ڈکیتی میں ملوث رہے ہیں، آڈیوز نے ثابت کیا کہ وہ کرپشن اور غبن میں ملوث تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی جیسے ریاستی اداروں پر حملے اور شہدا کے خلاف ہتک آمیز مہم چلانا ان کی پالیسی رہی ہے لیکن پروپیگنڈے اور صریح جھوٹ کے ذریعے سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا، اڈیالہ جیل میں خوف و ہراس کی کیفیت عمران کے بیانات سے عیاں ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ توشہ خانہ کے مقدمے میں عمران اور ان کی شریک حیات کو 8 فروری کے عام انتخابات سے چند روز قبل 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزائیں معطل کر دی تھیں تاہم کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلیں ابھی تک زیر التوا ہیں جب کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام لگایا تھا کہ ’سینئر عسکری قیادت نے توشہ خانہ ریفرنس میں مجھے اور میری اہلیہ بشریٰ بی بی کو میرے حوصلے پست کرنے کے لیے سزا دلوائی‘۔