ہمارے خلاف کوئی حرکت کی تو ادھار نہیں رکھیں گے،راج ناتھ الیکشن مہم کی وجہ سے بڑھکیں مارہا ہے،بھارت کسی ایڈونچر کی کوشش کرے گا تو منہ توڑ جواب دیں گے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت الیکشن کے چکر میں کوئی ایسی حرکت نہ کر بیٹھے جس کا اسے خمیازہ بھگتنا پڑے،ہمارے خلاف کوئی حرکت کی تو ادھار نہیں رکھیں گے،راج ناتھ الیکشن مہم کی وجہ سے بڑھکیں مارہا ہے،بھارت کسی ایڈونچر کی کوشش کرے گا تو منہ توڑ جواب دیں گے۔اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ چند سال قبل بھارت نے پاکستان میں گھس کر کارروائی کرنے کی کوشش کی، ہم نے خیرات میں ان کا پائلٹ واپس کیا تھا، یہ دوبارہ کوشش کر کے دیکھ لیں، جو پہلے ہوا وہی ان کے ساتھ اب ہوگا۔
ہم نہیں چاہتے کہ کشیدگی ہو، بھارت دہشتگرد کارروائیوں کی سرپرستی کرتا رہا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت عوام کی توجہ حاصل کرنے کیلئے پاکستان مخالف بیانات دیتا ہے، بھارت محتاط ہو کر بیانات دے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی خواہشیں کچھ بھی ہوسکتی ہیں، بھارت کی دہشت گردی کی تاریخ پرانی ہے، مودی جب گجرات کے وزیراعلیٰ تھے تب بھی مسلمانوں کا قتل عام کیا، ہشت گردی کی وجہ سےمودی کا امریکی ویزہ منسوخ ہوا۔
پلوامہ ڈرامہ تھا، اسکو بہانہ بنا کر پاکستان میں جو جارحیت کی اسکا منہ توڑ جواب دیا اور خیرات میں پائلٹ واپس کیا گیا۔ہم نے بھارت کا جہاز گرایا تھا اور پائلٹ کو پکڑ کر خیرات میں واپس کیا تھا۔وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کی دہشت گردی کینیڈااور امریکا بھی پہنچ چکی ہے۔خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ہم خطرناک محل وقوع میں رہ رہے ہیں، بھارت اور افغانستان میں حالات سب کے سامنے ہیں، سب کو بتانا چاہتے ہیں نہ ماضی میں ادھاد رکھا نہ اب رکھیں گے۔
پاکستان نے بھارت کی پاکستانی شہریوں کو قتل کرانے کی سازش بے نقاب ہونے اور بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے مزید پاکستانیوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت دھمکیاں دیتا ہے اور اپنی سیاست کو چمکاتا ہے، جس طرح بھارت نے پاکستان میں ماورائے عدالت قتل کی کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے، بہت جلد دیگر ممالک میں بھی اس قسم کا اعتراف کرے گا۔