ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں قومی تعاون سے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا گیا،جنرل ساحر شمشاد نے صدرآصف زرداری کو صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد نے ملاقات کی،ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں قومی تعاون سے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔جنرل ساحر شمشاد نے صدر مملکت کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی جبکہ ملاقات میں مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے صدر پاکستان کو ملکی سکیورٹی صورتحال اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا کہنا تھاکہ ملک کی مسلح افواج اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز سے مو¿ثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری نے قومی سرحدوں کے دفاع اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔
آصف زرداری نے کہا کہ انہیں ملک کی سیکیورٹی فورسز پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گی۔خیال رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی تھی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو پاکستان کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔
چیف آف آرمی سٹاف نے صدر مملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔چیف آف آرمی سٹاف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا تھا۔چیف آف آرمی سٹاف نے ملاقات میں روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی تھی۔جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار بارے بھی آگاہ کیا تھا۔
ملاقات میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہا تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں، صدر مملکت نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کیلئے فوج کی کوششوں کو بھی سراہاتھا۔ صدر مملکت نے قومی ترقی کی جانب پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا تھا۔آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا، صدر مملکت نے قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کے قومی عزم کا اظہار کیا تھا۔