ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو مہنگے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیں، اگرتاریخ کو درست کرنا ہے تو پھر عدالتی اصلاحات کرنا پڑیں گی، عام آدمی کی بھی شکایت ہے کہ انہیں عدلیہ پر اعتماد نہیں رہا۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زررداری
کراچی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زررداری نے کہا ہے کہ عوام نے الیکشن میں جوزبردست نتائج دیئے مخالفین آج بھی رو رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو مہنگے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیں ، اگرتاریخ کو درست کرنا ہے تو پھر عدالتی اصلاحات کرنا پڑیں گی،عام آدمی کی بھی شکایت ہے کہ انہیں عدلیہ پر اعتماد نہیں رہا۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اتنی ہی محنت کرنی ہوگی جتنی الیکشن میں محنت کی تھی، کارکنان میرے بازو، میرے کان میری آنکھیں ہیں، آپ سب کو ذمہ داری کو نبھانا پڑے گا، یقینی بنائیں کہ ادارے ڈلیور کریں، وزیراعلیٰ جلد ہمیں ترقیاتی فنڈز دیں گے، فنڈز کیسے خرچ ہوں گے یہ فیصلہ مل کر مشاورت سے کرنا ہوگا، دیکھنا ہوگا کہ آپ کی ترجیح کیا ہوگی؟ ہماری کوشش ہونی چاہیئے کہ سندھ اور بلوچستان میں عوامی معاشی معاہدے پر عملدرآمد کریں، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو مہنگے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیں گے، ہم سولر سسٹم کو سپورٹ کریں گے، کسان کارڈ کے وعدے کو بھی جلد ازجلد پورا کریں گے، صوبے کی سطح پر کسانوں کو بھرپور سپورٹ دیں گے۔
اسی طرح بے نظیر مزدور کارڈ پر بھی عملدرآمد شروع کردیا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک تاریخی جرم ہوا تھا، کہ بانی ذوالفقار بھٹو کو فیئر عدالتی ٹرائل نہیں ملا تھا، اگر ہم نے تاریخ کو درست کرنا ہے تو پھر عدالتی اصلاحات کرنا پڑیں گی۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے مسلم لیگ ن کے ساتھ جو چارٹرڈ آف ڈیموکریسی سائن کیا تھا، اس میں 18ویں ترمیم کو بحال کیا، صوبوں کو حقوق دیئے، اگر کوئی کام رہ گیا ہے تو عدالتی اصلاحات ہیں، ہمیں اس کیلئے جدوجہد کرنی چاہیئے۔عام آدمی کی شکایت ہے کہ عدلیہ پر اعتماد نہیں رہا،قائد عوام کے عدالتی قتل کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ عدالتی اصلاحات پر عملدرآمد کرائیں۔ عوام نے الیکشن میں جو نتائج دیئے مخالفین آج تک رو رہے ہیں۔