صدر مملکت سے سنگاپور میں پاکستان کی نامزد ہائی کمشنر کی ملاقات

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری سے سنگاپور میں پاکستان کی نامزد ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے ملاقات کی ہے۔ آصف علی زرداری نے رابعہ شفیق کو بطور پاکستانی ہائی کمشنر تعیناتی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ نامزد ہائی کمشنر کاروباری اداروں کے ساتھ تجارتی اور کاروباری روابط کے فروغ کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور کے کاروباری اداروں کو پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے سنگاپور میں پاکستانی خوراک، زرعی مصنوعات کی برآمدات کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پراسیسڈ خوراک اور سی فوڈ میں سنگاپور کے لیے پائیدار رسد کا ذریعہ بن سکتا ہے۔