حکومت انتقامی کارروائیوں میں سیاسی مخالفین کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھ رہی ہے‘ ڈاکٹروں کی ہدایت کو نظر انداز کرکے سابق وزیراعلی کو ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا.درخواست میں موقف
اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے کی وجہ سے پرویز الہٰی کو سانس لینے میں دشواری پیش آرہی ہے. پرویز الہٰی کی پمز ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقلی کے خلاف ان کی اہلیہ قیصرہ الہٰی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پرویز الہٰی جیل میں گرنے کی وجہ سے زخمی ہوئے، میڈیکل رپورٹس کے مطابق پرویز الہٰی کی پسلی کی ہڈیوں میں فریکچرز ہیں، 78 سال کے پرویز الہٰی عارضہ قلب سمیت متعدد امراض میں مبتلا ہیں.
قیصرہ الہٰی نے اپنی درخواست میں کہا کہ زخمی ہونے کی وجہ سے پرویز الہٰی کو سانس لینے میں دشواری پیش آرہی ہے، ڈاکٹرز کی ہدایات پر انہیں پمز منتقل کیا گیا تھا جہاں پر وہ زیر علاج تھے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پرویز الہٰی کو انتہائی نگہداشت میں مسلسل مانیٹرنگ اور علاج کی ضرورت ہے، حکومت انتقامی کارروائیوں میں سیاسی مخالفین کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھ رہی ہے، پرویز الہٰی کی ہسپتال سے جیل منتقلی بدترین انتقامی کارروائی ہے.
قیصرہ الہٰی نے درخواست میں موقف اپنایا کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر صحت نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا، پرویز الہٰی کے ہسپتال میں داخل ہونے کا علم ہونے پر وزیر صحت نے برہمی کا اظہار کیادرخواست میں کہا گیا کہ ڈاکٹرز کی ہدایت کو نظر انداز کرکے پرویز الہٰی کو ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا.