9 مئی مقدمات: بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود کیخلاف سماعت 30 اپریل تک ملتوی

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی و دیگر کے خلاف 9 مئی واقعات کے دو مقدمات کی سماعت 30اپریل تک ملتوی کردی ۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے کیسز پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکیل سردار مصروف عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کیسز کی سماعت 30 اپریل تک ملتوی کردی ۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف تھانہ ترنول میں دو مقدمات درج ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا ،اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

بعدازاں ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔