اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی کابینہ کا اجلاس 3 بار ملتوی ہونے کے بعد آج ہو گا، وزیر اعظم میاں شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مختلف مصروفیات کی بنا پر وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کو تین بار ملتوی کیا گیا تھا، اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کئے جانے تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا ہے، اجلاس آج بروز ہفتہ 30 مارچ کو دن 12 بجے ہو گا، کابینہ ارکان اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر غور کریں گے۔
کابینہ اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کے خط کے معاملے پر انکوائری کیلئے کمیشن کے قیام کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے، کابینہ کا اجلاس زوم پر ہو گا جہاں بیشتر وزراء آن لائن شریک ہوں گے۔