راولپنڈی : (نیوز ڈیسک) 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں ضمانت پانے والے پاکستان تحریک انصاف کے 8 کارکنان کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی واقعات کے مقدمات میں ضمانت پانے والے تمام ملزمان کو تھری ایم پی او کے تحت دوبارہ گرفتار کیا گیا ہے ، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی سی راولپنڈی نے تھری ایم پی او جاری کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کارکنان کی ضمانت منظور کی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا ۔
اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔