تھانہ شادمان نذر آتش کیس، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور

جناح ہاؤس حملہ کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں بھی 31 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی گئی

لاہور ( نیوز ڈیسک ) لاہور کے تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید اور سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور ہوگئی، اسی طرح جناح ہاؤس حملہ کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں بھی 31 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے ے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے نو مئی کو تھانہ شادمان کو نزر آتش کرنے کے مقدمہ کی سماعت کی، صنم جاوید کی جانب سے شکیل پاشا ایڈووکیٹ پیش ہوئے ،عالیہ حمزہ کی جانب سے نصیر الدین نیئر ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے، پراسیکیوشن نے ضمانتوں کیخلاف دلائل مکمل کیے، جن میں پراسیکیوٹر نے کہا کہ خواتین نو مئی کو ریاست مخالف سازش کا حصہ ہیں، ملزمان نے پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ مل کر جلاؤ گھیراؤ کرایا۔
دوران سماعت وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں کہا کہ ’ خواتین کو ہر بار ضمانت کے بعد دوسرے کیس میں گرفتار کر لیا جاتا ہے،جس مقدمہ میں اب گرفتار کیا اس میں کوئی کردار نہیں ہے، عدالتی فیصلوں کے مطابق بھی خواتین کو ضمانت جلد ملنی چاہیے‘، بعد ازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد دو دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے عوض دونوں ملزمان صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
بتایا گیا ہے کہ لاہور انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کے جلاو گھیراؤ کیس میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے جہاں شوشل میڈیا ایکٹوسٹ عائشہ علی بھٹہ اور عالیہ شہزادکی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما احمر رشید بھٹی سمیت 31 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔ معلوم ہوا ہے کہ عدالت نے ملزمان کو دو دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، عدالت نے دیگر ملزمان کی ضمانتوں پر سماعت 29 مارچ تک ملتوی کر دی، جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 106 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں داہر کر رکھی ہیں۔