ناجائز قبضہ کرنے والوں نے ملک کے ساتھ جو کیا وہ سب نے دیکھا، زیادتی مسلم لیگ ن کے ساتھ ہی نہیں پاکستان کے ساتھ ہوئی، ایک دو سال مشکل سہی، آسودگی کا وقت ضرور آئے گا۔ قائد پی ایم ایل این محمد نوازشریف
لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو حلقے کے مسائل اور عوام کی ضروریات سے آگاہ کیا۔ارکان اسمبلی نے متعلقہ حلقے میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ارکان اسمبلی نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی سے تکمیل کے مراحل طے کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف کو مبارکباد دی۔
ارکان اسمبلی نے صاف ستھرا پنجاب اوردیگر اختراعی پراجیکٹس پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔قائد محمد نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب مل جل کے پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائیں گے۔
ہماری حکومت کونہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا۔ ناجائز قبضہ کرنے والوں نے اس ملک کے ساتھ جو کیا، سب نے دیکھا۔
محمد نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہی نہیں پاکستان کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ مسلم لیگ ن کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے۔ ایک دو سال مشکل سہی، اسودگی کا وقت ضرور آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب کو ملکر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا۔ آپ کی سی ایم آپ کے ساتھ ہے، ملکر صوبے اور ملک کے لئے کام کریں۔ایسا اندوہناک واقعہ دیکھا نہ سنا، خوبصورت نوجوان کے جاں بحق ہو نے کا بہت دکھ ہے۔
ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف توقعات سے بڑھ کر تیزرفتاری سے کام کررہی ہیں۔ مریم نوازشریف سے عوام کی بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں آج قائد محمد نواز شریف کے ساتھ آئی ہو ں۔ پنجاب حکومت عوام کی حکومت ہے۔فیصل آباد میں سو سپیڈو بسیں بھی لا رہے ہیں۔
فیصل آباد میں میٹرو بس سسٹم بھی لا رہے ہیں۔کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں میں فیصل آباد بھی شامل ہے۔ صوبہ بھر کے دیہی اوربنیادی مراکز صحت کو6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں 600روڈ کی تعمیر ومرمت،5ایکسپریس وے اور3 موٹر ویز بنائیں گے۔صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔ پنجاب کے تمام اضلاع سیف سٹی، آئندہ 3 ماہ میں 18 شہر وں میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع ہو گا۔
پنجاب بھر میں 48لاکھ سے زیادہ رمضان نگہبان پیکیج تقسیم ہوچکے ہیں۔طلبہ اور طالبات کو20 ہزار موٹر بائیکس دیں گے، ہر ضلع میں 3 ہزار بائیکس دی جائیں گی۔ طلبہ کو لیپ ٹاپ اور آئی بیڈز بھی دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ 36 اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں۔ دیہات سمیت تمام اضلاع میں پی پی موڈ پر ویسٹ مینجمنٹ کا نظام آئندہ 3 ماہ میں قائم کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈور پھرنے کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے، بچے کے ساتھ ظلم ہوا، واقعہ نظر انداز نہیں کرسکتے۔ہمارا اجتماعی شعور شاید ان واقعات کا عادی ہوچکا ہے۔ ورکروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے قانون لارہے ہیں، عمل بھی کرائیں گے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سابق سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر حکام بھی موجودتھے۔
سینیٹ ٹکٹ ہولڈرطلال چوہدری،رکن قومی اسمبلی چودھری شہباز بابر، ممبر صوبائی اسمبلی خان بہادر،جعفر علی ہوچہ، چودھری عارف گل،راؤ کاشف رحیم،ظفر اقبال ناگرہ،عظمیٰ جبین، قدسیہ بتول اور خلیل طاہر سندھوموجود تھے۔مسلم لیگ ن فیصل آباد کے ٹکٹ ہولڈرزرانا ثناء اللہ خان، آزاد علی تبسم، نواب شیر وسیر، علی گوہر بلوچ، محمد قاسم فاروق،عرفان احمد،عابد شیر علی،حاجی محمد اکرم انصاری،دانیال احمد،شعیب ادریس،محمد اشرف چوہدری،محمد صفدر شاکر،خالد پرویز،محمد اجمل آصف،حامد رشید،فقیر حسین ڈوگر،اسرار احمد خان،علی عباس خان،محمد یوسف،محمد طاہر پرویز،احمد شیریار،محمد رضوان بٹ،محمد رزاق ملک بھی موجود تھے۔