مونس الہیٰ نے طنزیہ انداز میں پنجاب میں ن لیگ کی ایک ماہ کی کارکردگی بیان کردی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء مونس الہیٰ نے طنزیہ انداز میں پنجاب میں ن لیگ کی ایک ماہ کی کارکردگی بیان کردی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور میں ن لیگی ایم پی اے ملک وحید کے کالے شیشوں والی گاڑی روکنے کے “جرم” میں سب انسپکٹر “جبری ٹرانسفر”، ن لیگی ایم پی اے عظمی کاردار کی چین گم ہونے پر ماڈل ٹاؤن کلب کی خواتین ملازموں کی تھانہ میں “ظالمانہ چھترول”، “مالی امداد کے مستحق” ن لیگی احد چیمہ کے “نادار بچوں” کی فیس کے معاملہ پر ایک تعلیمی ادارہ کا پرنسپل مستعفی اور ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے!، یہ ان کی پارٹی کی پہلے مہینے کی پرفارمنس ہے۔
علاوہ ازیں اپنے ایک اور بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مونس الہٰی یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے، عمران خان کو ریلیف ملے گا تو ویسے ہی ہمیں بھی ملے گا، پی ٹی آئی قائد عمران خان باہر آئیں گے تو میرے، حماد اظہر، مراد سعید اور دیگر رہنماؤں کی واپسی کے امکانات ہوں گے کیوں کہ اس وقت ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے والا نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے۔
سابق وفاق وزیر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے زیادہ کوششیں نہیں ہو رہی ہیں، ہم کور کمیٹی اور وکلاء کے ساتھ بھی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ اٹھا رہے ہیں، وکلاء کی توجہ صرف سابق وزیراعظم کے کیسز پر ہونی چاہیئے، وکلاء کی توجہ پریس کانفرنس، ٹاک شوز اور حلقے کی سیاست پر نہیں ہونی چاہیئے، عمران خان کے کیسز پر توجہ ہوگی تو جلد نتائج سامنے آئیں گے۔