وزیراعلیٰ پنجاب مریم نو از کی عوام سے پلانٹ فار پاکستان مہم کا حصہ بننے کی اپیل

ایک درخت لگائیں اور سموگ کے اندھیرے مٹائیں، اللہ تعالیٰ بھی خوش ہوں گے اور زندگی بھی مسکرائے گی،بیان

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نو از نے عوام سے پلانٹ فار پاکستان مہم کا حصہ بننے کی اپیل کر دی، زمین بھی ماں ہے جو زندگی، خوراک اور معاش فراہم کرتی ہے، ایک درخت لگائیں، اسے بہتر بنائیں۔جنگلات کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک درخت لگائیں اور سموگ کے اندھیرے مٹائیں، اللہ تعالیٰ بھی خوش ہوں گے اور زندگی بھی مسکرائے گی، مہم کے دوران مفت پودے دئیے جارہے ہیں، سٹوڈنٹس ‘پلانٹ فار پاکستان’ کو لیڈ کریں۔
درخت لگائیں تاکہ انسان کی سانس چلے، فضا زہر سے پاک ہو، پنجاب کی سوہنی دھرتی مزید خوبصورت اور سرسبز ہو۔مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی، کیو آر کوڈ اور جی آئی ایس کے استعمال سے پہلی بار شجرکاری کا ریکارڈ، مقدار اور تعداد معلوم ہوگی جبکہ نگرانی کریں گے اور یقینی بنائیں گے کہ درخت صرف کاغذوں اور مہم میں نہیں سچ مچ زمین پر لگیں اور نظر بھی آئیں۔
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں موسم بہار کے دوران 60 ہزار سائٹس پر 18 ملین پودے لگائیں گے۔ عوام کی سہولت کیلئے محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے نے اسٹالز لگادئیے ہیں۔سٹالز سے مفت پودے لیں اور شجرکاری کریں۔جلو فارسٹ پارک لاہور میں 35 ہزار پودوں کی شجرکاری مہم کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر ایل ڈی اے پلانٹ فار پاکستان مہم میں پیش پیش،ایل ڈی اے اور سینرجی کے تعاون سے ایونیوون ایف بلاک میں 6 ہزار میواکی کے پودے لگائے گئے۔
میواکی جنگل لگانے کی تقریب میں ایل ڈی اے سکولز کے بچوں نے شرکت کی۔ ایل ڈی اے افسران، عملہ اور سکول کے بچوں نے مل کر میواکی کے پودے لگائے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ایونیو ون، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، ایڈیشنل ڈی جیز اور دیگر افسران نے بھی پودے لگائے۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ایونیو ون کے رہائشیوں میں مفت پودے تقسیم کئے۔